ناروے میں پاکستانیوں کے قیام کے پچاس سال مکمل ہونے پر شاندار تقریب ،ناروے کے بادشاہ Kong Harald کی خصوصی شرکت
اوسلو(عقیل قادر) ناروے میں پاکستانیوں کے پچاس سال مکمل ہونے پر اوسلو کی مقامی حکومت کی جانب سے سٹی کونسل کے ہال میں ایک خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اوسلو کی میئر ماریانے بورگن، گورننگ میئر رائمنڈ یوہانسن، پاکستانی سفیر بابر امین اور خالد محمود نے خطاب کیا جبکہ ناروے کے بادشاہ Kong Harald نے خصوصی شرکت کی۔
ناروے میں مقیم پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے تقریب کی رونق کو دوبالا کیا۔ ماریانے بورگن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناروے میں پاکستانیوں نے ہر شعبہ ہائے زندگی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ نارویجن پاکستانی لڑکیاں بھی ہر شعبہ ہائے زندگی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور باالخصوص تعلیمی شعبے میں ان کی کارکردگی مثالی ہے۔
رائمنڈ یوہانسن نے خطاب کرتے ہوئے ناروے میں پاکستانیوں کے پچاس سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی اور ناروے کی ترقی میں پاکستانیوں کے کردار کو سراہا۔
معروف پاکستانی سیاستدان خالد محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ستر کی دہائی میں پاکستانیوں نے بہتر روزگار اور بہتر مستقبل کے لیے ناروے کا رخ کیا اور آج ہماری تیسری نسل یہاں پر پروان چڑھ رہی ہے۔ انہوں نے ناروے کا بھی شکریہ ادا کیا جس نے پاکستانیوں کو میرٹ کی بنیاد پر آگے بڑھنے کا شاندار مواقع فراہم کیے۔
ناروے میں پاکستان کے سفیر بابر امین نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ ناروے اور پاکستان کے مراسم اچھے ہیں اور ان میں مزید بہتری کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ناروے میں مقیم پاکستانی فنکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔