اسٹاک ہوم(زبیر حسین) پاکستان تحریکِ انصاف پروگریسوگروپ اسٹاک ہوم میں اپنی سماجی خدمات کی وجہ سے عوامی حلقوں میں مقبولیت رکھتا ہے، پروگریسو گروپ نے اسٹاک ہوم میں اپنے مرکزی دفتر کو پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کے لئے وقف کر رکھا ہے، پروگریسو گروپ کی سرکردہ شخصیات بابر علی، شیراز چوہدری، یاسین خان، رفاقت اور ارشد علی گجر کی دعوت پر اسٹاک ہوم کی کاروباری، سیاسی، مذہبی و سماجی شخصیات جن میں کشمیر کونسل سویڈن کے چیف کوآرڈی نیٹر سعید شیخ، آصف شبیر، ثناءالرحمان اور دیگر نے پروگریسو گروپ کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا۔
کمیونٹی شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے یاسین خان کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ دفتر کمیونٹی کے لئے وقف کر رکھا ہے، یہاں ہم پاکستانی کمیونٹی کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کرتے ہیں ، پاکستانی پاسپورٹ، شناختی کارڈ کی آن لائن درخواست میں رہنمائی سے لے کر تدفین کے معاملات کے لئے بھی ہم مل کر کمیونٹی کی معاونت کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کارِ خیر کے لئے ہم نے کسی سے چندہ یا مالی مدد کیلئے درخواست نہیں کی اور نہ ہی خدمات کی ہم نے کوئی اجرت متعین کی ہے، یہاں تک کہ دفتر کا کرایہ بھی چند دوست مل کر ادا کرتے ہیں۔بابر علی جو کہ پی ٹی آئی سویڈن چیپٹر کے گزشتہ الیکشن میں پروگریسو پینل کی جانب سے بطور صدر نامزد کئے گئےتھے، ان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ہم کمیونٹی کی تمام تر سیاسی، مذہبی اور سماجی جماعتوں کے منتظمین کو یکجا کرکے ایک ایسی کمیٹی تشکیل دینا چاہتے ہیں جو سیاست اور مذہبی فرقہ واریت سے دور ہو تاکہ کمیونٹی کسی ایک پلیٹ فارم کے ذریعے سویڈن میں پاکستان کا مثبت چہرہ متعارف کرواسکے۔
کشمیر کونسل سویڈن کے چیف کوآرڈینٹر سعید شیخ جو کہ سویڈن میں سماجی خدمات کے لئے ایک منفرد حیثیت رکھتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ بلاشبہ ہمیں ایک ایسے پلیٹ فارم پر جمع ہونا چاہئے جہاں فقط پاکستانیت کو ترجیح دینا ہی مقصود ہو، جس سے کم از کم ہماری آنے والی نسلیں باہمی یگانگت کی مثال بن سکیں۔ نمائندہ خصوصی جنگ سویڈن سے پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بابر علی نے کہا کہ فی الوقت الیکشن کے حوالے سے ہم نے کوئی لائحہ عمل تیار نہیں کیا مگر وقت آنے پر ہم جمہوری طریقے سے الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کے لئے تیار ہیں۔
شیراز چوہدری کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ہم سویڈن کے تمام بڑے شہروں میں ہم خیال گروپوں سے رابطے میں ہیں اور اس بات کا عزم رکھتے ہیں کہ الیکشن میں بھاری اکثریت سے جیت کر پی ٹی آئی سویڈن چیپٹر کو متحرک کریں۔