اوسلو،ناروے (رپورٹ:عقیل قادر) مسلمانوں کے لیے رمضان المبارک کا مہینہ کسی نعمت سے کم نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ رمضان المبارک کے شروع ہوتے ہی نیکیوں کی بہار آ جاتی ہے اور مسلمان نیکی کے کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور اپنا زیادہ سے زیادہ وقت عبادات اور قرآن پاک کی تلاوت میں گزارتے ہیں۔
اوسلو کے مضافات میں واقع آسکر شہر میں بھی اہلسنت مسجد قباء میں رمضان المبارک کے مہینے میں ہر روز افطار ڈنر کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں لوگ بڑی تعداد میں شریک ہوتے ہیں، ندیم احمد آٹو مینیا کی جانب سے اکران احمد کے ایصال ثواب کے لیے افطار کا اہتمام کیا گیا جس میں ان کے دوست و احباب نے دورو نزدیک سے شرکت کی۔
اعجاز مصطفیٰ بٹ نے بارگاہ رسول ﷺ میں نعت شریف پیش کی، نوجوان مذہبی سکالر علامہ سید حسنین گیلانی نے حضرت علی ؓ کی سیرت و شان بیان کی اور کہا کہ مولا علیؓ کی ولادت اور شہادت کا اللہ کے گھر میں ہونا مولائے علی کی عظمت و شان کوبیان کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رمضان کا مہینہ قرآن کا مہینہ ہے اس لیے قرآن اور صاحب قرآن سے نسبت کو پختہ کریں اور عہد کریں کہ رمضان کے بعد بھی قرآن اور صاحب قرآن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں گے اور رمضان کے فضائل و برکات سے دائمی فیض یاب ہوں گے۔
آخر میں معروف نعت خواں قاری انصر علی قادری نے بارگاہ رسول ﷺ میں درودو سلام پیش کیا۔