کوالالمپور (محمد وقار خان) ملائشیا کے شہر ایپوہ میں 30ویں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے پہلے روز کا تیسرا میچ پاکستان اور ملائشیا کی ٹیم کے درمیان کھیلا گیا۔ جس میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5-4 سے یہ میچ جیت لیا ۔
پاکستان کی ٹیم پہلے ہاف میں دباؤ کا شکار رہی لیکن دوسرے ہاف میں حکمت عملی میں تبدیلی کر کے جارحانہ کھیل پیش کیا اور آخری 6 منٹ میں 3 گول کئے جس سے واضح برتری حاصل ہوئی ۔
ہمارے نمائندے سے بات کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اور کپتان نے ٹیم کی مجموعی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ یہ پہلا میچ تھا ، پہلے میچ میں میزبان ملک کو ہرانے سے لڑکوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور آئندہ میچز میں ان شا اللہ مذید اچھا کھیل پیش کریں گے ۔
واضح رہے کہ ورلڈ ہاکی رینکنگ میں پاکستان 16ویں جبکہ ملائشیا 13ویں نمبر پر شمار کیا جاتا ہے ۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے علاوہ میزبان ملائشیا ، جاپان ، کوریا ، کینیڈا، اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بھی حصہ لے رہی ہیں۔پاکستان اپنا اگلا میچ کل شام کوریا کے خلاف کھیلے گا۔