اس عمل سے امریکی کمپنیز اور صارفین کو زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا، ترجمان
بیجنگ (ویب ڈیسک) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے چین پر امریکہ کے نئے محصولات کے اعلان کے بارے میں ایک رپورٹر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اقتصادی اور تجارتی معاملات کو سیاسی رنگ دے رہا ہے اور چین پر محصولات میں مزید اضافہ کر رہا ہے جس سے صرف درآمدی اشیاء کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوگا، امریکی کمپنیز اور صارفین کو زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا اور امریکی صارفین کو زیادہ قیمت ادا کرنی پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ موڈیز کے اندازوں کے مطابق چین پر محصولات عائد کرنے کی لاگت کا 92 فیصد امریکی صارفین برداشت کرتے ہیں اور امریکی گھرانے سالانہ اضافی 1300 ڈالر خرچ کریں گے ۔امریکا کے تحفظ پسندانہ اقدامات عالمی پیداوار اور سپلائی چین کی سلامتی اور استحکام کو اور بھی زیادہ نقصان پہنچائیں گے۔
متعدد یورپی شخصیات کا بھی یہ ماننا ہے کہ محصولات کا نفاذ عالمی تجارت کو کمزور کرنے کا طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امریکہ پر زور دیتے ہیں کہ وہ ڈبلیو ٹی او کے قوانین پر سختی سے عمل کرے اور چین پر عائد اضافی محصولات کو فوری طور پر ختم کرے۔ چین اپنے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔