ملائشیا میں پاکستان کے جشن آزادی کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

0

ہائی کمشنر آف پاکستان سید احسن رضا شاہ نے وزیراعظم کا پیغام پڑھ کر سنایا

وطنِ عزیز کی سلامتی و خوشحالی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی

کوالالمپور(محمد وقار خان)پاکستان ہائی کمیشن ملائشیا کے سبزہ زار میں پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کی تقریب شایان شان طریقہ سے منعقد کی گئی۔ جس میں ملائشیا میں رہنے والے پاکستانیوں اور لوکل کمیونٹی نے بھرپور تعداد میں شرکت کی ۔تقریب کا اغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے ہوا ۔

اس کے بعد ہائی کمشنر آف پاکستان ان ملائشیا سید احسن رضا شاہ نے وزیراعظم کا پیغام حاضرین کو پڑھ کر سنایا ۔ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے بزرگوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر پاکستان بنایا اب ہم پر یہ فرض ہے کہ اپنے تن من دھن قربان کر کے اس پاکستان کو خوشحال بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ قوموں پر مشکل وقت آتے رہتے ہیں لیکن زندہ قومیں اپنی لگن میں ثابت قدم رہ کر کامیابی کے زینے چڑھتی ہیں ۔ یہ سبز ہلالی پرچم ہماری پہچان ہے اور ہماری دھرتی ماں ہمارے لیے حفاظتی حصار ہے حالات چاہے جو بھی ہوں ہم نے اپنے پرچم کو سر بلند اور دھرتی ماں کی حفاظت کے لیے سر دھڑ کی بازی کے لیے تیار رہنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دیار غیر میں ہر پاکستانی اپنے ملک کا سفیر ہے ہم سب کو چاہیے کہ ایسا کوئی عمل نہ کریں جس سے اپنے وطن کی حرمت پر آنچ آئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس ملک میں ہم رہ کر اپنے خاندان کے لیے رزق حلال کما رہے ہیں اس کے قوانین کا احترام بھی ہم سب پر فرض ہے،لہذا سب پاکستانی بھائی اپنا ہر کام قانون کے دائرہ میں رہ کر کریں۔ جس سے وطن عزیز کے وقار پر دھبہ نہ لگ سکے۔

جشن آزادی کی تقریب میں معروف کاروباری شخصیات ، مزدور پیشہ تارکین وطن ، طالب علم ، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے منسلک پاکستانیوں کے علاوہ لوکل کمیونٹی کے سرکردہ افراد نے بھی شرکت کی ۔ شرکاء ملی نغموں کی دھنوں سے محظوظ ہوتے رہے ۔آخر میں وطن عزیز پاکستان کی سلامتی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں اور سبز ہلالی پرچم کے رنگوں سے مزین کیک کاٹا گیا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!