سوئٹزرلینڈ کے دارالحکومت برن میں جشن آزادی کے موقع پر پاکستانی سفارت خانے میں پرچم کشائی کی تقریب

0

برن (نمائندہ خصوصی) سوئٹزرلینڈ کے دارالحکومت برن میں جشن آزادی کے موقع پر پاکستانی سفارت خانے میں پرچم کشائی کی باوقار تقریب صبح 11 بجے منعقد ہوئی جس میں کثیر تعداد میں پاکستانی فیملیز نے شرکت کرکے قومی یکجہتی کا اظہار کیا۔

تقریب کاباقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے سید علی جیلانی نے کیا ،قومی ترانہ کی گونج میں سفیر پاکستان عامر شوکت نے پرچم کشائی کی، اس موقعہ پر وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر پاکستان آصف زرداری کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے ۔

سفیر پاکستان عامر شوکت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست کا دن پاکستانی عوام کے لئے ایک تاریخی دن ہے، بے پناہ قربانیوں کے بعد قائد اعظم کی سربراہی میں پیارا وطن حاصل ہوا ہمارے بزرگوں نے آزادی کی خاطر اور ہمیں ایک آزاد فضا میں سانس لینے کی خاطر بے انتہا قربانی اور جانوں کا نذرانہ پیش کیا 14 اگست کا دن عملی طور پر پاکستان کی مضبوطی و استحکام کے لئے تجدید عہد کا دن ہے ۔

انہوں نے ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہو ئے کہا کہ یہ ایک فرد کی کامیابی نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے ارشد ندیم نے کم وسائل ہونے کے باوجود قوم کا سر فخر سے بلند کیا، پاکستان میں ٹورزم کا مستقبل تابناک ہے اور ہم بے انتہا ٹورسٹ ویزے ایشو کررہے ہیں اور سوئٹزرلینڈ کی گورنمنٹ پاکستان میں ٹورزم کے فروغ کے لئے بے انتہا تعاون کررہی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ آپ کا کام ہے کہ یوم آزادی کے اغراض و مقاصد کی تکمیل اور قائداعظم اور دیگر رہنمائوں کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ایک قوم بنیں اس وطن عظیم کو سنوارنا اور اسکی ترقی و خوشحالی ہمارا فرض ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ سفارت خانہ بلا تفریق ہر پاکستانی کی خدمت کررہا ہے، آپ دیار غیر میں اپنے کردار اور عمل سے پاکستان کا نام روشن کریں، تقریب کے بعد سفیر پاکستان اور ان کی اہلیہ مہمانوں میں گھل مل گئے ،مہمانوں کی خاطر تواضع پاکستانی لذیز کھانوں سے کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!