نارویجن پاکستانیوں نے اپنی نسلوؤں میں پاکستان کی محبت کو منتقل کرکے حب الوطنی کی مثال قائم کی ہے، سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی
ناروے،اوسلو (رپورٹ: عقیل قادر) سفارتخانہ پاکستان ناروے میں یوم پاکستان اور پرچم کشائی کی ایک خوبصورت تقریب منعقد کی گئی جس میں کثیر تعداد میں خواتین و حضرات اور بچوں نے خصوصی شرکت کی۔
یوم پاکستان کی تقریب میں مراکش کی سفیر نبیلہ فیردجی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
قاری محمود الحسن نے اپنی خوبصورت آواز میں تلاوت قرآن مجیدکا شرف حاصل کیا اورسید زبیر علی نے نعت رسول ﷺپیش کر کے سماں باندھ دیا، سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی نے قومی ترانے کی گونج میں پرچم کشائی کی، تقریب سے سعدیہ الطاف قاضی نے خصوصی خطاب کیا۔
ہیڈ آف چانسری ڈاکٹر رابیل مصطفی سومرو نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور ویلفیئر اتاشی آصف حمید نے صدر پاکستان آصف علی زرداری کا پیغام پڑھ کر سنایا۔
سعدیہ الطاف قاضی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناروے اور آئیس لینڈ میں مقیم پاکستانیوں کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کی اور انہیں تقریب میں شرکت کرنے پر خوش آمدید کہا۔
انہوں نے بتایا کہ سال 2024 میں ناروے اور پاکستان کے دوستانہ تعلقات کو قائم ہوئے 75 برس ہو گئے ہیں اور دونوں ملکوں کی دوستی اور اعتماد میں مزیداضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سال پاکستان کی کامیاب سفارتکاری سے ناروے نے پاکستان کو خطرات والے ملک کی لسٹ سے نکال دیا ہے۔ناروے کی انرجی کمپنی Scatec Sola نے سکھر میں 150 میگاواٹ شمسی توانائی کے پلانٹ نصب کر دیئے ہیں اور وہ جنوری 2024 سے بجلی پیدا کر رہے ہیں۔
پاکستان میں ہیوی شپنگ کو ایڈوانس بنانے کے لیے ناروے اور یورپ کی متعدد کمپنیاں ٹیکنالوجی میں تعاون کر رہی ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ انہیں مختلف ملکوں میں سفارتکاری کرتے 25 سال ہو گئے ہیں مگر جو محبت اور پیار نارویجن پاکستانی پاکستان کے ساتھ کرتے ہیں انہوں نے ایسی محبت کہیں اور نہیں دیکھی۔
فلاحی تنظیم ہم سب کا پاکستان اور اردو سکول ناروے نے ہر سال کی طرح اس سال بھی چھوٹے بچوں کو یوم پاکستان کی مناسبت سے تیار کیا۔
بچوں کے پاکستان زندہ باد کے نعروں نے ماحول کو گرما دیا، کوئی بچہ پولیس کی وردی میں دیکھا گیا تو کسی نے فوج کی وردی زیب تن کی ہوئی تھی جبکہ دیگر بچوں نے مختلف صوبوں کے علاقائی لباس زیب تن کیے ہوئے تھے۔
اس موقع پر حاضرین نے اپنی تالیوں سے بچوں کی زبردست حوصلہ افزائی کی۔ میوزکل گروپ راگا نور نے قومی و ملی گیت پیش کر کے جذبہ حب الوطنی کو مزید بڑھایا۔
پروگرام کے آخر میں ہم سب کا پاکستان، اردو سکول ناروے اور دیگر کو اسناد سے نوازا گیا۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض ناصر علی اعوان اور نہیا اکرام نے خوبصورت انداز میں سرانجام دیئے۔