تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے سینئر نائب صدر رضوان احمد طور کی والدہ ماجدہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور محفل نعت کا انعقاد
ڈبلن آئرلینڈ (وسیم بٹ) تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے سینئر نائب صدر رضوان احمد طور کی والدہ ماجدہ کی روح کے ایصال ثواب کے لیے منہاج اسلامک سینٹر ڈبلن میں قرآن خوانی اور ایک خوبصورت روح پرور محفل نعت کا انعقاد کیا گیا جس میں تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے رفقاء اراکین وابستگان کے علاوہ دیگر سیاسی سماجی اور مذہبی تنظیمات کے قائدین و کارکنان اور آئرلینڈ بھر سے پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس دعائیہ تقریب کا آغاز حافظ تنویر حسین نے تلاوت قرآن پاک سے کیا نعت خوان حضرات میں اسد علی،جبران چوہدری ،سید توصیف شاہ اور ڈاکٹر محمد گلزار نے اپنے خوبصورت انداز میں حضور نبی کریمؐ کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کر کے ماحول کو گرما دیا جس سے محفل پر کیف و سرور کی کیفیت طاری رہی ۔
نظامت کے فرائض راقم وسیم بٹ اور محی الدین نے ادا کیے امیر تحریک علامہ محمد عدیل نے دعائیہ تقریب سے ایصال ثواب کی شرعی حیثیت اور نعت خوانی کی فضیلت و اہمیت پر خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایصال و ثواب سے مراد یہ ہے کہ کوئی شخص اپنے کسی عمل صالح کا ثواب کسی دوسرے کو پہنچائے جمہور مسلمانوں کے نزدیک کسی انسان کو اپنے کسی نیک عمل کا ثواب زندہ یا مردہ کو پہنچانا درست اور جائز عمل ہے خواہ وہ عمل نماز ہو یا روزہ تلاوت قرآن یا ذکر طواف یا حج و عمرہ یا اس طرح کی محافل کا انعقاد ۔
نعت گوئی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ توصیف مصطفیؐ میں نعت کہنے کی ابتدا خود رب کائنات نے کی گویا نعت کہنا خود رب العزت کی سنت ٹھہری اس لیے بنی نوع انسان کے لیے بھی بڑی سعادت کا باعث ہے کہ وہ اللہ کے محبوبؐ کی نعت کہے جس میں سرور کائنات کی توصیف کرے کیونکہ نعت توصیف رسولؐ کا بہت عمدہ ذریعہ ہے اس کی ابتدا سب سے پہلے حضرت حسان بن ثابتؓ اور حضرت کعب بن زبیرؓ نے کی اور بارگاہ رسالتؐ سے داد پائی ۔
آخر میں حاضرین نے حضور نبی کریمؐ کی بارگاہ اقدس میں درود و سلام کا نزرانہ پیش کیا پیر غلام دستگیر نے مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کرائی اور رضوان احمد تور نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور حاضرین کی تواضع مصطفویؐ لنگر سے کی گئی۔