تقریب میں شریک تمام پاکستانی "اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں” کی عملی تصویر نظر آئے
یوم آزادی کی تقریب میں امارات کی اہم شخصیات، فیملیز اور بچوں کی بھرپور شرکت
متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں سے اماراتی قوانین کی پاسداری کرنے کی اپیل
دبئی (طاہر منیر طاہر) متحدہ عرب امارات میں یواے ای کے ایک سوشل میڈیا گروپ "پاکستانیز ان دبئی ” نے پاکستان کی 77ویں یوم آزادی کی شاندار تقریب دبئی میں منعقد کی جس میں متحدہ عرب امارات کے طول و عرض سے پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سوشل میڈیا گروپ پاکستانیز ان دبئی (Pakistanis in Dubai Group ) کی جانب سے منعقد ہونے والی تقریب میں تمام پاکستانی اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں کی عملی تصویر نظر آئے ۔ تقریب شام 6بجے سے شروع ہوئی اور رات گیارہ بجے تک جاری رہی ، جس میں امارا ت کی اہم شخصیات، فیملیز اور بچوں نے بھرپور شرکت کی ۔
بچوں کے ہردل عزیز دبئی کے مشہور جادو گر عاشق نے اپنے جادوی جوہر دکھا کر بچوں اور بڑوں سے خوب داد وصول کی ،بچوں نے پاکستان کے جشن آزادی کے حوالے سے ڈرائنگ کے مقابلوں کے مقابلوں میں حصہ لیا، مرد و خواتین نے نہ صرف ثقافتی لباس پہن کر وطن سے محبت کا اظہار کیا اور ملی نغموں کے مقابلوں میں بھی بھر پور حصہ لیا ۔
چاچا فلفی کے چیز کیک کے ساتھ ساتھ پنڈی بوایز ریسٹورنٹ ، چائے شائے ریسٹورنٹ، کراچی گرل ریسٹورنٹ، النواب ریسٹورنٹ، کری ایٹو سوشل میڈیا ایجنسی، حنا سفیان بیوٹی سنٹر، کشور کولیکشن اور نیشنل بنک پاکستان کی طرف سے لوگوں میں انعامات کی تقسیم اور اے ایس مینجمنٹ کی طرف سے عمرہ کا ٹکٹ بھی دیا گیا۔
ٹیپ ٹیپ TapTap کمپنی کی طرف سےپاکستان رقوم بنک چینلز اور لیگل بھیجنے کے حوالے سے لوگوں میں آگاہی بھی فراہم کی گی تاکہ عوام پاکستان میں بیرون ملک سے اپنی رقوم صحیح طریقہ سے بھیجیں اور پاکستان کی معیشت کو مضبوط کریں۔
ناصر بنگش فائونڈر پاکستانیز ان دبئی نے مینجمنٹ ٹیم شیخ عمرفاروق ، ذہیب نبیل ، فہد شاہد ، ردا ارسلان ، آصف بلا، رمشا، زین العابدین ، نصر گل زمان ، ولید پرویز کا کامیاب ایونٹ کروانے پر شکریہ بھی ادا کیا،اس تقریب میں ثقافتی ملبوسات، میوزیکل شوز، اور روائتی سرگرمیاں شامل تھیں ۔
ناصر بنگش فا ئونڈر پاکستانیز ان دبئی اور مینجمنٹ ٹیم کے لیڈر شیخ عمرفاروق کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھاکہ اس تقریب کا مقصد دھرتی ماں سے عقیدت کا اظہار ہے، انہوں نے متحدہ عرب امارات میں بسنے والے پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ اماراتی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنا کر پاکستان کا نام روشن کریں ۔
تجدید عہد وفا اور پاک یو ای زندہ باد کے نعروں کے ساتھ یہ شاندار تقریب اختتام پذیر ہوگئی اور مائی ڈریم کیک کی جانب سے جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔