مرحوم کی عمر77 برس اور وہ کچھ عرصہ سے گلے کے مرض میں مبتلا تھے
انتقال پاکستان میں ہوا، آبائی گاؤں شیخہ طاہر میں سپرد خاک کر دیا گیا
مرحوم سید سجاد حسین شاہ کے فرزند تقی شاہ سے پارٹی کارکنوں کی تعزیت اور مغفرت کی دعا
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان پیپلز پارٹی ، یو اے ای کے سینئر رہنما سید سجاد حسین شاہ گزشتہ دنوں قضائے الہی سے انتقال کر گئے، انتقال کے وقت مرحوم کی عمر77 برس تھی اور وہ کچھ عرصہ سے گلے کے مرض میں مبتلا تھے۔
ان کا انتقال پاکستان میں ہوا جہاں ان کے عزیز و اقارب کی موجودگی میں آبائی گاؤں شیخہ طاہر میں سپرد خاک کر دیا گیا،سید سجاد حسین شاہ دبئی/شارجہ میں ایک عرصہ تک بسلسلہ کاروبار موجود رہے،وہ کنسٹرکشن کے بزنس سے وابستہ تھے۔
مرحوم کی پیپلز پارٹی کے لئے گراں قدر خدمات ہیں جس کا اعتراف پیپلز پارٹی کے سبھی لیڈران کرتے ہیں، مرحوم سید سجاد حسین شاہ کے تعلقات پیپلز پارٹی کی ا علیٰ قیادت سے بھی رہے ہیں۔
وہ پاکستان کی سابقہ وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں شمار کئے جاتے تھے،پارٹی کے سر گرم لیڈر ہونے کی وجہ سے وہ ہر جگہ عزت و احترام سے دیکھے جاتے تھے۔
سید سجاد حسین شاہ کے انتقال پر ان کے صاحبزادے تقی شاہ سے پارٹی کارکنان اور پاکستانی کمیونٹی کے لوگوں نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی ہے۔