آغا خان یونیورسٹی کی جانب سے سویڈن میں منعقد کردہ نمائش میں شرکت کی
پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے مرکز میں کمیونٹی نمائندگان سے ملاقات کی
مالمو (زبیر حسین) سفیر پاکستان برائے سویڈن بلال حئی نے تعیناتی کے بعد مالمو شہر کا پہلا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مالمو شہرکے تاریخی چرچ میں آغا خان یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ فار دی سٹڈی آف مسلم سولائزیشنزاور آغا خان سنٹر گیلری کی جانب سے ’فٹبال اور مذہب ‘کے نام سے منعقد کردہ نمائش میں خصوصی شرکت کی۔
مذکورہ نمائش سال2022 میں لندن کے آغا خان سینٹر اور 2023میں پرتگال کے شہر لزبن میں دکھائی گئی تھی، رواں برس اس نمائش کے لئے سویڈن کے شہر مالمو کا انتخاب کیا گیا۔ نمائش میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی گرلز فٹبال لیگ کی دو خواتین کھلاڑیوں کے پورٹریٹ اورنمائش میں گلگت پاکستان کے حوالے سے خصوصی ویڈیو ڈاکیومینٹری بھی دکھائی گئی۔
نمائش کے بعد پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے مرکزی دفتر میں سفیرپاکستان کی کمیونٹی سے ملاقات کے حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا ،جہاں پاکستانی ڈاکٹر، انجینئر، کاروباری، سماجی، مذہبی، سیاسی، طلبہ اور آئی ٹی کے شعبے سے منسلک افراد کے نمائندگان سے ملاقات کی۔
کمیونٹی نمائندگان نے درپیش مسائل کے حوالے سے سفیرِ پاکستان کو آگاہی فراہم کی، کمیونٹی کی جانب سے پاکستان میں قائم سویڈش سفارتخانے کی سروس بحال کرنے ، پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے اجراء کے لئے مالمو شہر میں سہولیات فراہم کرنے کے مطالبات کئے گئے۔
سفیرِ پاکستان بلال حئی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ نا صرف سفارتخانہ پاکستان بلکہ حکومتی سطح پر کوششیں جاری ہیں کہ جلد از جلد اسلام آبادمیں قائم سویڈش سفارتخانہ فعال ہوسکے۔
پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مالمو میں مقیم کمیونٹی اگر طویل سفر کرکے اسٹاک ہوم نہیں آسکتی تو کوپن ہیگن میں قائم سفارتخانہ اس حوالے سے ان کا بھرپور تعاون کرسکتا ہے ۔