کشمیریوں کو ستر سالوں میں حقوق نہ ملنا عالمی برادری کیلئے لمحہ فکریہ ہے، سابق ممبر قومی اسمبلی لارش ریسے
بھارت کئی دہائیوں سے کشمیریوں کے حقوق کی پامالی کر رہا ہے،سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی کا تقریب سے خطاب
اوسلو (رپورٹ:عقیل قادر) سفارتخانہ پاکستان اوسلو میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اور بھارتی مظالم کے خلاف یوم سیاہ کی تقریب منعقد کی گئی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی، کرسچین ڈیموکریٹک پارٹی اور سابق ایم پی لارش ریسے، صحافی ایوا ماریہ Eva Maria Bekkelund، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کشمیری سکینڈینیوین کونسل سردار علی شہنواز خان، ماہ نور بیگ اور دیگر نے خطاب کیا، تقریب کی نقابت کے فرائض ویلفیئر اتاشی آصف حمید نے ادا کیے۔
سعدیہ الطاف قاضی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کئی دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کر رہا ہے،ہیومن رائٹس واچ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھارت کی انسانی حقوق کی پامالی کو بے نقاب کیاجس کی پاداش میں بھارت نے ان تنظیموں پر پابندی عائد کر دی ہے جو کہ ایک افسوسناک عمل ہے۔
بھارت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل درآمد کے لیے تیار نہیں۔ لارش ریسے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پراقوام عالم کو اپنا کردار ادا کرنے پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگلے سال الیکشن میں اگر وہ کامیاب ہوتے ہیں تو وہ پارلیمنٹ میں دوبارہ کشمیر گروپ کو بحال کریں گے اور کشمیریوں کی آزادی اور انسانی حقوق کی بحالی کے لیے آواز بلند کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر صورت کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔
Eva Maria Bekkelund نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی خاموشی انصاف کے قتل کے مترادف ہے۔ سردار علی شہنواز خان نے اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو نظر انداز کیا اور کشمیریوں سے حق خودارادیت چھین کر کشمیریوں پر 77 سالوں سے ظلم اور جبر کی انتہا کر رکھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر ی عوام کے حق خوداِرادیت کو دبایا نہیں جا سکتا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی اور سیاسی تبدیلیوں کی انجینئرنگ کررہا ہے تاکہ کشمیریوں کو اپنے ہی وطن میں ایک بے اختیار اقلیت میں تبدیل کیا جاسکے۔
انہوں نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے کردار ادا کرنے کی پُرزور اپیل کی۔ پیر سید نعمت علی شاہ بخاری نے عالم اسلام، کشمیر اور پاکستان کی سلامتی وامن کے لیے خصوصی دعا کرائی۔