متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی مسیحیوں نے دبئی میں "کرسمس ڈے” منایا

0

تقریب میں قونصلیٹ سٹاف، مسیحی اورمسلم کمیونٹی کے لوگوں کی شرکت

کرسمس کا دن محبت، اتحاد اور سخاوت کی روایات سے منسوب ہے، جان قادر

مسیحی برادری نے پاکستان کی بنیاد رکھنے کے لیے قربانیاں دیں اور اس کے حصول میں اہم کردار ادا کیا

دبئی (طاہر منیر طاہر) گزشتہ سالوں کی طرح اس بار بھی متحدہ عرب امارات میں مقیم مسیحیوں نے ڈسٹرکٹ ایونجلسٹ جان قادر کی قیادت میں دبئی کے ایک ریسٹورنٹ میں کرسمس ڈے کا تہوار روایتی جوش و خروش سے منایا۔

اس تقریب میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی سے جام عبد اللہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جب کہ دیگر مہمانوں میں غلام مصطفیٰ ، محمد رفیق لغاری ، خالد حسین چودھری صدر پاکستان سوشل سنٹر شارجہ، فراز احمد صدیقی اور محمد شہزاد بٹ شامل تھے۔

مسیحی مذہبی رہنماؤں اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس کا دن ہر سال دنیا بھر میں25دسمبر کو مذہبی، ثقافتی اور رنگ برنگی تقریبات کے امتزاج کے ساتھ منایا جاتا ہے، جو اسے ایک آفاقی موقع بناتا ہے۔

کرسمس کا دن محبت، اتحاد اور سخاوت کی روایات سے منسوب ہے، کرسمس محبت، ہمدردی اور تعلق کے جذبے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ اس کا لازوال پیغام خیر سگالی کی ترغیب دیتا ہے، کرسمس کا دن ایک کثیر جہتی جشن ہے جو دنیا بھر کے لاکھوں لوگوں کے لیے خوشی لاتا ہے۔

مقررین نے کہا کہ دنیا کا ہر مذہب امن کا درس دیتا ہے اور مسیحی مذہب بھی ہمیں امن کا درس دیتا ہے۔ ہمیں دنیا میں امن پھیلانے کے لیے ہمیں اپنے مذہبی سربراہوں کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت ہے۔

پی ایم ایل این، یو اے ای کے میڈیا کوارڈینیٹر محمد شہزاد بٹ نے کہا کہ ہم ہمیشہ مسیحی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ مسیحی برادری نے بھی پاکستان کی بنیاد رکھنے کے لیے قربانیاں دیں اور پاکستان کے حصول میں اہم کردار ادا کیا۔

اس موقع پر انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی جدوجہد کو بھی سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ مسیحی رہنما و صدر منارٹی ونگ پی ایم ایل این، یو اے ای جان قادر ( ڈسٹرکٹ ایونجلسٹ) نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے اور ہم پاکستان کے دفاع کے لیے اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

قائداعظم محمد علی جناح کا پاکستان ہماری پہچان ہے،پروگرام کے اختتام پر کرسمس کیک کاٹاگیا اور پاکستان و متحدہ عرب امارات کی سلامتی ، خوشحالی اور پوری دنیا میں امن و سلامتی کے لیے دعا کی گئی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!