اوسلو(عقیل قادر)پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی کے صدر چوہدری عبدالحمید کے اعزاز میںدوستوں کی جانب سے ترکش ریسٹورینٹ سرائے میں ایک خوبصورت عشائیے کا اہتمام کیا گیا جس میں پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی کے انتظامیہ و مشاورتی بورڈ کے ممبران نے خصوصی شرکت کی۔
عبدالحمید نے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی کے قیام کا مقصد تجہیز وتکفین ہے۔ اگر سوسائٹی کے کسی ممبرکا انتقال ہو جائے تو سوسائٹی تدفین کے لیے تیس ہزار کرائون تک کے اخراجات برداشت کرے گی اور لواحقین کو تیس افراد کا کھانا بھی فراہم کرے گی۔
لواحقین اگر تدفین کی ذمہ داری سوسائٹی کے سپرد نہیں کرتے تو سوسائٹی لواحقین کی بیس ہزار کرائون سے معاونت کرے گی۔ پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی کے انفارمیشن سیکریڑی چوہدری اسماعیل سرور نے بتایا کہ سوسائٹی کے ممبران کی طرف سے جو رقم چندے کی صورت میں جمع ہو گی و ہ تجہیز و تکفین کے علاوہ کسی اورمذہبی، سیاسی و سماجی پروگرام یا کسی بھی اور مد میں خرچ نہیں کی جائے گی۔
عقیل قادر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوسائٹی کے ممبران کے دکھ درد میں شریک ہونا اور انہیں ہر طرح کی قانونی و اخلاقی مدد فراہم کرنا بھی سوسائٹی کی ترجیحات میں شامل ہے۔
اس موقع پر چوہدری عبدالحمید نے سابق صدر چوہدری اسماعیل سرورکی پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی کو قائم کرنے اور ایک سال تک بھرپور خدمات سرانجام دینے پر تعریف کی اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔
ممتاز عالم دین مفتی محمد زبیر تبسم نے عشائیے میں خصوصی شرکت کی جبکہ جن دیگر عہدیداران نے عشائیے میں شرکت کی ان میں راجہ عاشق حسین نائب صدر، عقیل قادر فنانس سیکر ٹر ی، شاہد سعید ڈپٹی سیکر ٹری جبکہ مشاورتی بورڈ سے طارق اشرف، عزیز الرحمن اور چوہدری جاوید سرور شامل ہیں۔
فیضان خالد جنرل سیکر ٹری اور راشد علی اعوان ڈپٹی ممبر اپنی ذاتی مصروفیات کی وجہ سے عشائیے میں شرکت نہ کر سکے۔