گلفوڈ 2025 نمائش میں شرکت کرنیوالے پاکستانی تاجروں کے اعزاز میں ڈنر

0

ڈنر کا اہتمام سفارت خانہ پاکستان نے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں کیا

پاکستانی کمیونٹی، بزنس مینوں، قونصلیٹ اور سفارت خانہ کے سٹاف کی خصوصی شرکت

پاکستانی تاجروں کے اعزاز میں ڈنر کا اہتمام ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے

دبئی (طاہر منیر طاہر) دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقد ہونے والے گلفوڈ 2025 کے 30ویں ایڈیشن میں شرکت کرنے والے پاکستانی تاجروں ، نمائش کنندگان کے اعزاز میں سفارت خانہ پاکستان برائے متحدہ عرب امارات کی طرف سے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں ڈنر کا اہتمام کیا گیا،جس میں پاکستانی کمیونٹی، بزنس مینوں ، قونصلیٹ اور سفارت خانہ کے سٹاف نے خصوصی شرکت کی۔

ڈنر تقریب میں شرکت کرنے والوں میں سفیر پاکستان برائے متحدہ عرب امارات فیصل نیاز ترمذی، قونصلیٹ آف پاکستان دبئی کے قونصل جنرل حسین محمد، پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شبیر مرچنٹ، تجارتی و سرمایہ کاری کے قونصلر علی زیب خان ، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے ارکان ، رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (REAP) کے چیئرمین ملک فیصل جہانگیر اور پاکستانی کمیونٹی کے لوگ موجود تھے۔

اس ڈنر کا مقصد پاکستانی تاجروں اور نمائش کنندگان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا،یاد رہے کہ ماہ رواں فروری 2025 میں دبئی کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں گلفوڈ 2025 کے 30ویں ایڈیشن کا انعقاد ہوا جس میں پاکستان سے45 اور نجی طور پر 200سے زائد پاکستانی کمپنیوں نے شرکت کی، یہ ایگزیبیشن دنیا کی سب سے بڑی کھانے پینے کی اشیاء اور مشروبات کی تجارتی نمائشوں میں سے ایک ہے جس میں 10،500 سے زائد نمائشیں منعقد کی گئیں۔

پاکستان پویلین میں چاول، سیریلز، گوشت، ڈیری، مسالہ جات، پنیر، پراسیسڈ فوڈ، بیکری آئٹمز، نمک، ہربل مصنوعات، شہد، باغبانی اور جوس سمیت زرعی مصنوعات کی ایک وسیع رینج کی نمائش کے لیے رکھے گئے تھے، پوری دنیا سے آئے وزیٹرز نے پاکستان پیویلیون کا دورہ کیا اور پاکستان کی مصنوعات بشمول باسمتی چاول، مسالے ، گلابی نمک اور پنیر میں خاصی دلچسپی لی۔

تجارت اور سرمایہ کاری کے مشیر علی زیب خان نے بتایا کہ مالی سال 24 میں پاکستان کی زرعی خوراک کی برآمدات عالمی سطح پر $8 بلین تک پہنچ گئی ہیں، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 37 فیصد زیادہ ہے۔ یہ ترقی چاول، مکئی، تل، گوشت، خوردنی پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات میں نمایاں اضافے کے باعث ہوئی۔

گلفوڈ 2025 نمائش میں پاکستان کی کامیاب شرکت خوش آئند ہے ، امید ہے کہ مستقبل میں کھانے پینے کی اشیاء میں پاکستان کی ایکسپورٹس بڑھیں گی جس سے پاکستان کی معیشت مضبوط ہو گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!