پاکستان سے بھاری رقم برطانیہ لے جانیوالی ٹک ٹاکر حریم شاہ کیخلاف ایف آئی اے حرکت میں آگئی

0

لندن(شوبز نیوز)وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے ویڈیو وائرل ہونے کے بعد حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کردیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق متنازع ٹک ٹاکر کی گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ بھاری رقم کی منتقلی کا اعتراف کررہی تھیں۔اب ایف آئی اے نے اس ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے سندھ کے مطابق حریم شاہ کا اصل نام فضا حسین ہے، جنہوں نے 10 جنوری کی رات کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے قطر (دوحا) کیلئے سفر کیا تھا اور منی لانڈرنگ سے متعلق ایک ویڈیو بنا کر شیئر کی۔

ایف آئی اے نے حریم شاہ کے ویزے، امیگریشن اور سفری دستاویزات کی تفصیلات حاصل کر کے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا، جس میں ٹک ٹاکر کے خلاف کارروائی کی استدعا بھی کی جائے گی۔

ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ حریم شاہ کے خلاف فارن ایکسچینج قوانین کے تحت تحقیقات اور کارروائی کا آغاز کردیا جس کے سلسلے میں پاکستان کسٹمز اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس سے معلومات حاصل کی گئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طریقے سے کرنسی کی منتقلی منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتی ہے۔

قبل ازیں معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ لاکھوں پاؤنڈز کی رقم لے کر پاکستان سے برطانیہ پہنچیں اور وہاں مشکل میں پھنس کر پاکستانیوں کوایک نصیحت بھی کر ڈالی۔

ویڈیو میں حریم شاہ بظاہر کسی دفتر میں بیٹھی ہوتی ہیں اور ان کے ساتھ پاؤنڈز کی گڈیاں پڑی ہوتی ہیں۔ ویڈیو میں وہ لوگوں کو بتاتی ہیں کہ ”اگر آپ پاکستان سے برطانیہ جا رہے ہیں تو ہوشیار رہیں۔ میرے خیال میں آپ صرف 2ہزار پاؤنڈ کی رقم ہی ساتھ لیجا سکتے ہیں۔ اگر آپ اس حد سے تجاوز کریں گے تو عملہ آپ کو پریشان کرے گا۔“

حریم شاہ کا کہنا تھا کہ”میں تو اتنی بڑی رقم لے کر آرام سے لندن پہنچ گئی ہوں، مجھے تو کسی نے روکا بھی نہیں۔ پاکستان کا قانون غریب کو پکڑتا ہے اس لیے آپ لوگ احتیاط کریں اور بڑی رقم نہ لائیں۔“ ویڈیو میں حریم شاہ پاکستانی روپے اور پاسپورٹ کی بے قدری کا ذکر بھی کرتی ہیں اور کہتی ہیں کہ اس حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ وہ پاکستان روپے اور پاکستانی پاسپورٹ کی قدر میں اضافہ کرے گی لیکن وہ ایسا نہیں کر سکی۔

حریم شاہ مری میں ہونے والی ہلاکتوں پر بھی ویڈیو میں بات کرتی ہے اور حکومت کو اس افسوسناک واقعے کا موردالزام ٹھہراتے ہوئے کہتی ہے کہ ”یوکے میں تو بہت سردی اور برف پڑتی ہے لیکن یہاں تو اموات نہیں ہوتیں۔ مری میں تھوڑی سی برف پڑی اور لوگ مرنے لگے۔“

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!