سویڈن میں پاکستانی روایات کا رنگ، لچھے دار پراٹھے، میاں جی کی دال اور کڑک چائے سے سحری کا اہتمام

0

مالمو (زبیر حسین سے) سویڈن کے شہر مالمو میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے رمضان المبارک میں روایتی سحری کا شاندار اہتمام کیا، جس میں لاہور کے مشہور لچھے دار پراٹھے، لالہ موسیٰ کی میاں جی کی دال اور کراچی کی کڑک چائے دسترخوان کی زینت بنے۔

دیارِغیر میں مقیم پاکستانیوں کے لیے رمضان المبارک ایک خاص موقع ہوتا ہے جب وہ اپنے وطن کے ذائقوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ سویڈن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے نہ صرف روایتی کھانوں کا اہتمام کیا جاتا ہے بلکہ رمضان المبارک میں پاکستانی روایت کو بھی قائم رکھا جاتا ہے، جہاں دوست احباب مل کر اپنے ہاتھوں سے سحری تیار کرتے ہیں۔

اس موقع پر خرم خان، راجہ عاطف شہزاد، اکرام نور، محمود حجازی، عمران حبیب، فیصل، یوسف، اسد، زاہد اور دیگر افراد موجود تھے، جنہوں نے مل کر سحری تیار کی اور ایک ساتھ بیٹھ کر کھائی۔

یہاں مقیم پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ وہ دیارِغیر میں بھی اپنے وطن کی روایات کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ رمضان المبارک میں اس طرح کے اجتماعات سے ان میں اتحاد اور بھائی چارے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لمحات ہمیں وطن کی یاد دلاتے ہیں اور ہم اپنے روایتی کھانوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

سویڈن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نہ صرف گھروں میں بلکہ تعطیلات میں بیٹھک اور ڈیروں پر بھی روایتی سحری کا اہتمام کرتی ہے۔ اس سے نہ صرف روایتی کھانوں کی لذت بڑھ جاتی ہے بلکہ اجتماعی طور پر سحری کرنے کا لطف بھی دوبالا ہو جاتا ہے۔

اس موقع پر کمیونٹی ممبران نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دیارِغیر میں بھی اپنے وطن کی روایات کو زندہ رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

اس موقع پر موجود تمام افراد نے ایک دوسرے کے ساتھ خوشگوار لمحات گزارے اور رمضان المبارک کی برکتوں سے لطف اندوز ہوئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!