محمد عبداللہ شہزاد، اسلام آباد
پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم میں 20 سال بعد کرکٹ کی واپسی ہونے جا رہی ہے، جہاں 8 اپریل کو پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان زبردست مقابلہ ہوگا۔ یہ میچ پاکستان سپر لیگ (PSL) کے 10ویں ایڈیشن سے پہلے ایک خاص نمائشی میچ کے طور پر منعقد کیا جا رہا ہے۔
یہ تاریخی لمحہ پشاور کے کرکٹ شائقین کے لیے کسی خوشخبری سے کم نہیں، کیونکہ اسٹیڈیم میں آخری بین الاقوامی میچ 2006 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ حالیہ تزئین و آرائش کے بعد، ارباب نیاز اسٹیڈیم اب قومی اور بین الاقوامی میچز کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔
ذرائع کے مطابق، پی ایس ایل انتظامیہ اور متعلقہ حکام نے اس میچ کے انعقاد کو حتمی شکل دے دی ہے، جبکہ شائقین کرکٹ بھی اس تاریخی لمحے کے شدت سے منتظر ہیں۔ مزید تفصیلات اور ٹکٹوں کی دستیابی سے متعلق اعلان جلد متوقع ہے۔