سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی کی زیر قیادت یو اے ای کے وفد میں بزنس کونسل ، سوشل سینٹر شارجہ اور معروف کاروباری وسماجی شخصیات نے شرکت کی
اوورسیز پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کیلئے رضامند کرنا جنرل سید عاصم منیر کا بہترین اقدام ہے
دہشت گرد اور بدامنی پھیلانے والے اپنی حرکتوں سے باز رہیں، ورنہ افواج پاکستان ایسا منہ توڑ جواب دیں گی کہ انکی نسلیں یاد رکھیں گی، جنرل سید عاصم منیر
اسلام آباد (سعدیہ عباسی سے) اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اوورسیز کنوینشن میں متحدہ عرب امارات کے خصوصی وفد نے بھرپور شرکت کی اور دنیا بھر سے آئے ہوئے وفود میں نمایاں رہا ۔ اس وفد کی خاص بات یہ تھی کہ پاکستانی مشن نے اس بات کو یقینی بنایا کہ اس کنوینشن میں یو اے ای سے شامل ہونے والے نمائندگان اپنے اپنے شعبوں میں ماہر اور منجھے ہوئے ہوں ۔
اس وفد میں یو اے ای کی وہ کاروباری شخصیات بھی شامل تھیں جو ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں ۔سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذ ی اور پاکستان قونصلیٹ دوبئی نے اس فورم کو لائحۂ عمل ترتیب دینے اور اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حوالے سے معلومات فراہم کیں اور اپنا بھرپور کردار ادا کیا ۔
پاکستان بزنس قونصل دوبئی کی نمائندگی صدر پی بی سی شبیر مرچنٹ ، افتخار تتلا ، خرم خواجہ ، زبیر خان ، سید سلیم ، خالد حسین چودھری ،اور سعدیہ عباسی سینئر وائس پریذیڈنٹ پاکستان جرنلسٹس فورم یو اے ای نے کی جبکہ سعدیہ عباسی آئی ایس پی آر کی میڈیا ٹیم میں بھی شامل تھیں ۔
معروف کاروباری شخصیت خرم خواجہ نے یو اے ای میں پاکستانی کاروباری شخصیات کو درپیش مسائل ، پاکستان میں انویسٹمنٹ کے ساتھ ساتھ دیگر اہم موضوعات پر روشنی ڈالی ۔ پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے صدر چودھری خالد حسین نے پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کی بھرپور نمائندگی کی ۔
صدر پاکستان بزنس کونسل ابوظہبی قیصر انیس نے اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حوالے سے تجاویز پیش کیں، اس کے علاوہ وفد میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے لوگ بھی شامل تھے جن میں زیادہ تر کا تعلق حکومت مخالف جماعتوں سے تھا جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ اس کنویشن میں صرف حکومتی جماعتوں کو پزیرائی نہیں ملی بلکہ تمام افراد پاکستانی ہونے کی بنیاد پر شامل ہوئے۔
یو اے ای وفد کے شرکا کا کہنا تھا کہ کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے جسطرح اوورسیز پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی کی وہ شاید پہلے کسی اور نے نہیں کی۔ اوورسیز پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کیلئے رضامند کرنا جنرل سید عاصم منیر کا بہترین اقدام ہے۔
سپہ سالار کے سائے تلے ایس آئی ایف سی اسوقت ملکی معیشت کی بہتری اور مستقل استحکام کیلئے جو کام سرانجام دے رہی ہے وہ مستقبل قریب میں ملکی بہتری کیلئے بہت فائدہ مند ثابت ہوگا۔ دشمن جتنی بھی میلی آنکھ سے ہمیں دیکھ لے مگر وہ ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا اور میں یہ سمجھتا ہوں آج کا آرمی چیف کا خطاب دشمنوں کے منہ پر طمانچہ ہے جو بلوچستان میں دراندازی کررہے ہیں خاص کر وہ را کے ایجنڈے پرگامزن ہیں۔
افغانستان سے بھی دہشت گرد بارڈر پر بدامنی پھیلانے میں مصروف ہیں یہ پیغام انکے لیے بھی تھا کہ وہ اپنی حرکتوں سے باز رہیں۔ ورنہ افواج پاکستان ایسا منہ توڑ جواب دیں گی کہ انکی نسلیں یاد رکھیں گی۔
پاکستانی وفد میں شامل کاروباری شخصیات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملکی معیشت کی ترقی کے لیے یو اے ای میں بسنے والے پاکستانی اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ، لاھور میں منعقد ہونے والی ایکسپو میں کاروباری معاہدوں پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔