بین الاقوامی ثالثی ادارے کا ہانگ کانگ میں قیام، تنازعات کے حل کا نیا راستہ

0

بیجنگ (ویب ڈیسک) چین کے ہانگ کانگ میں 33 ممالک کے مندوبین نے "بین الاقوامی ثالثی ادارے” کے کنونشن پر دستخط کیے اور اس کے بانی رکن ممالک بن گئے۔ کنونشن کے مطابق، تین یا اس سے زائد ممالک کے داخلی قانونی طریقہ کار کے ذریعے تصدیق ہونے پر یہ ادارہ سرکاری طور پر قائم ہو جائے گا۔اس ادارے کا ہیڈ کوارٹر ہانگ کانگ میں ہو گا اور یہ 2026 کے آغاز تک اپنا کام شروع کر دے گا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ ادارہ بین الاقوامی قانون کے نفاز  کے حوالے سے ایک انقلابی قدم ہے جو ثالثی کے میدان میں موجود خلا کو پر کرے گا اور عالمی حکمرانی کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم قانونی پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔ یہ چین کی جانب سے عالمی امن کے فروغ کے لیے ایک اور اہم کاوش ہے۔یہ ادارہ بین الاقوامی تنازعات کو ثالثی کے ذریعے حل کرنے والی دنیا کی پہلی بین الحکومتی قانونی تنظیم ہے، جسے 2022 میں چین اور 18 دیگر ممالک نے مشترکہ طور پر پروپوز کیا تھا۔

اس کے قیام کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ رضاکارانہ بنیاد پر ممالک کے درمیان، ممالک اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے درمیان، یا بین الاقوامی تجارتی میدان میں تنازعات کو ثالثی کے ذریعے نمٹایا جا سکے۔موجودہ دور میں دنیا نئے انتشار اور تبدیلیوں کے دور سے گزر رہی ہے۔ جغرافیائی سیاسی تصادم بڑھ رہے ہیں، یکطرفہ پالیسیاں اور تحفظ پسندی عروج پر ہے۔ ایسے ماحول میں کچھ ممالک بالادستی کے رویے یا جنگی اقدامات کا سہارا لیتے ہیں۔

دوسری جانب، موجودہ بین الاقوامی تنازعات حل کرنے والے ادارے بعض مغربی ممالک کی سیاسی چالبازیوں کی وجہ سے یا تو غیر منصفانہ ہو چکے ہیں یا عملاً غیر فعال ہیں۔ قابل غور بات یہ ہے کہ کنونشن پر دستخط کرنے والے 33 ممالک میں زیادہ تر ترقی پذیر ممالک شامل ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ماضی میں جب بین الاقوامی تنازعات پیدا ہوتے تھے تو عالمی جنوب کے ممالک کے مفادات کا حقیقی تحفظ نہیں ہوتا تھا۔ اب یہ ادارہ انہیں تنازعات حل کرنے کا ایک نیا آپشن فراہم کرے گا۔

ہانگ کانگ میں ہیڈکوارٹر کا انتخاب بھی ایک اہم پیغام رکھتا ہے۔ ایک طرف، ہانگ کانگ کی چین میں واپسی خود بین الاقوامی تنازعے کے پرامن حل کی ایک کامیاب مثال ہے۔ دوسری طرف، ہانگ کانگ کو جغرافیائی اور قانونی نظام کی مضبوطی کی وجہ سے بین الاقوامی ثالثی کے لیے مثالی مقام حاصل ہے۔

یہ چین کی عالمی امن کے لیے کوششوں اور قربانیوں کا ایک اور ثبوت ہے۔ امید کی جاتی ہے کہ یہ ادارہ بین الاقوامی تنازعات کے پرامن حل، ممالک کے درمیان اعتماد اور تعاون کو نئی توانائی فراہم کرے گا۔ جب یہ نوزائیدہ ادارہ ایک مضبوط درخت بن جائے گا، تو دنیا میں امن اور خوشحالی کے امکانات مزید روشن ہوں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!
[hcaptcha]