مہمان خصوصی نعمان اکرم نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے قومی دن جوش و جذبہ سے مناتی ہیں
دبئی(طاہر منیر طاہر)پاکستان سوشل سنٹر میں یوم پاکستان کے حوالے سے رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی پاکستان قونصلیٹ کے پاسپورٹ قونصلر نعمان اکرم، آفیسر سلیم سلطان، امین آفریدی اور محسن راجہ تھے۔
پاکستان سوشل سنٹر شارجہ کے جنرل سیکرٹری افتخار احمد چوہدری اور ڈائریکٹرز شارجہ سنٹر عمران رفیق، عمران اسلم، فراز احمد صدیقی نے پھولوں سے شاندار استقبال کیا، تقریب کا آغاز محمد عامر نے تلاوت کلام پاک سے کیا اور نعت شریف کا شرف حافظ مبشر نے حاصل کیا، جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض صائمہ نقوی نے انجام دیئے پاک امارات کے قومی ترانوں سے تقریب کا آغاز کیا گیا۔
افتخار احمد چوہدری نے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور شکریہ ادا کیا اس کے علاوہ یوم پاکستان کے بارے میں آگاہ کیا، اس موقع پر مہمان خصوصی نعمان اکرم نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے قومی دن جوش و جذبہ سے مناتی ہیں پاکستان ہمارے لئے قدرت کا دیا ہوا ایک قیمتی تحفہ ہے اس خوبصورت ملک کی قدر کرنی چاہیے، اس کی ترقی و خوشحالی بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال کا خواب تھا جسے ہم نے ہر قیمت پر پورا کرنا ہے۔
تقریب میں ننھے منے بچیوں اور بچوں نے جس میں سیدہ علیزا،امین زبیر، طحہٰ، خضرا فاطمہ اور دیگر مختلف سکول کے طالبات اور طلبہ نے یوم پاکستان کے موقع پر تقریریں کیں، ملی نغمے، ٹیبلو بھی پیش کئے اور حاضرین سے داد حاصل کی۔
تقریب میں پوزیشن ہولڈر طلباو طالبات میں شیلڈیں تقسیم کی گئیں اور سکولوں کے اساتذہ اور ٹیچرز کو سرٹیفکیٹس دیئے گئے، اس موقع پر یوم پاکستان کا خوبصورت کیک کاٹا گیا ،تقریب میں چوہدری شبیر شاہد، عرفان افسر اعوان، ملک محمد اسلم، سلیم اختر، عمران خان، ڈاکٹر محمد اکرم، ملک شہزاد یونس کے علاوہ دیگر فیملیز نے کثیر تعداد میں شرکت کی، آخر میں جنرل سیکرٹری شارجہ سنٹر افتخار احمد چوہدری نے تمام مہمانوں کا دلی شکریہ ادا کیا۔