اسلام آباد(تارکین وطن نیوز)امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے آج بدھ کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی، الہان عمر نے کہا کہ میں ایک عرصے سے آپ سے ملاقات کی خواہاں تھی۔
سابق وزیر اعظم عمران خان سے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ میں امریکی کانگریس رکن الہان عمر کی ملاقات کے دوران شاہ محمود، اسد عمر، شیریں مزاری، زلفی بخاری اور شہباز گل بھی موجود تھے، ملاقات میں دوطرفہ اور باہمی تعلقات کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
US Congresswoman Ilhan Omar called on Chairman PTI in Bani Gala. They discussed Islamophobia & related issues. @Ilhan expressed her admiration for @ImranKhanPTI & his position on & work against Islamophobia globally. IK appreciated her courageous & principled position on issues. pic.twitter.com/m3kPa2poYx
— Shireen Mazari (@ShireenMazari1) April 20, 2022
ملاقات میں بھارت میں ہندوتوا نظریے اور مسلمانوں پر اس کے تباہ کن اثرات پر بھی گفتگو کی گئی، الہان عمر نے اسلاموفوبیا کے تدارک کے لیے عمران خان کی خدمات کو سراہا، اور کہا اسلاموفوبیا کے تدارک کے لیے عمران خان نے قابل قدر قیادت پیش کی ہے۔
امریکی رکن کانگریس کا کہنا تھا کہ اب دنیا بھر سے اسلاموفوبیا کے خلاف آوازیں بلند ہور ہی ہیں، اسلاموفوبیا کے تدارک کے لیے ایک مسودہ قانون امریکی پارلیمان میں لایا جا رہا ہے، مذہبی امتیاز خصوصاً مسلمانوں کے خلاف تعصب کا خاتمہ وقت کی ضرورت ہے۔الہان عمر کا کہنا تھا کہ وہ دنیا میں اسلاموفوبیا کے خلاف توانا آواز بننے پر عمران خان کی شکر گزار ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے الہان عمر کی آمد کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے کہا مشکلات کے باوجود الہان عمر کا اسلاموفوبیا کے انسداد کا علم اٹھانا قابل تحسین ہے، نائن الیون کے بعد مسلمانوں کو بدترین انتقامی مہم کا نشانہ بنایا گیا، مسلم قیادت اہل عالم کو اسلام اور نبیﷺ کا درست تعارف کرانے میں ناکام رہی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ شدت پسندی اور دہشت گردی کو اسلام اور شعائر اسلام سے جوڑا گیا، ہندوستان میں بھی نسل پرستی کا جن بوتل سے نکال دیا گیا ہے اور نفرت کا رخ مسلمانوں کی جانب موڑا جا رہا ہے، بھارت میں ہندوتوا نظریات کا پھیلاؤ معقول دماغوں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔