وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی ساجد حسین طوری نے اوورسیز پاکستانیز فا ئونڈیشن میں اس پورٹل کا افتتاح کیا
پورٹل کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کے حصول میں جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرنا ہے
اونٹاریو(نمائندہ خصوصی)وزارت سمند پار پاکستانی کے ذیلی ادارے اوورسیز پاکستانیز فاونڈیشن نے ایجوکیشن پورٹل کا باقائدہ آغاز کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی ساجد حسین طوری نے اوورسیز پاکستانیز فا ئونڈیشن (او پی ایف) میں اس پورٹل کا افتتاح کیا۔ اس پورٹل کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کے حصول میں جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرنا ہے۔ اوورسیز پاکستانیز فاونڈیشن کے حکام کے مطابق اس پورٹل پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بچوں کے لیے موجود سکالرشپس کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ رہنمائی بھی کی جائے گی۔
پورٹل میں سکالرشپس، سرکاری یونیورسٹیوں کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کے بچوں کے لیے مخصوص نشستوں کی تعداد اور ای لرننگ بھی حصہ ہوگا۔
حکام کے مطابق او پی ایف ملک کے بڑی تعلیمی اداروں کو اس پورٹل کے ساتھ بھی منسلک کرے گا جس سے طلبہ کو ایک پلیٹ فارم پر ہی تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ یہ پورٹل پاکستان بھر میں اوپی ایف کے 26 تعلیمی اداروں کی ویب سائٹس تک فوری رسائی فراہم کر تا ہے۔
پورٹل کے افتتاح کے موقع پر وفاقی وزیر ساجد طوری نے کہا کہ تعلیمی معیار میں بہتری لانے کے لیے انٹرنیٹ نے دنیا بھر میں تعلیم کا تصور بدل کر رکھ دیا ہے کیونکہ اس نے کلاس روم سے ہٹ کر بھی علم، تعلیمی وسائل اور سیکھنے کے بے شمار دروازے کھول دیے ہیں۔
تعلیمی پورٹلز کی اہمیت اجاگر کر تے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ انٹرنیٹ پر مبنی آج کے معاشرے میں ایجوکیشن پورٹل نے 24 گھنٹے بہت سے اداروں کی خدمات تک فوری رسائی کو ممکن بنا دیا ہے اب آپ کو معلومات کے حصول کے لیے ادارے میں خود وزٹ کر نے کی ضرورت نہیں بلکہ دنیا میں کہیں سے بھی اپنے کمپیوٹر یا موبائل فون پر اپنی مطلوبہ معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔