کینیڈا اور یو این او ڈی سی کی جانب سے سٹریٹجک پارٹنرشپس کے تحت پاکستان کی سلامتی مستحکم بنانے کے اقدامات

0

اسلام آباد (تارکین وطن نیوز) کینیڈا حکومت کے مالی تعاون سے پاکستان میں اقوامِ متحدہ دفتر برائے انسدادِ منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی)، حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر سلامتی، نفاذِ قانون اور عدلیہ کے نظاموں کو بہتر بنانے کے لئے کام کر رہا ہے۔ اس اشتراک کے تحت سلسلہ وار کئی سٹریٹجک اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ کراچی اور اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کے اجلاسوں کا سلسلہ بھی جاری ہے جس سے پاکستان، کینیڈا اور یو این او ڈی سی کے درمیان مضبوط اور دیرپا پارٹنرشپ کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے۔ اس سلسلے میں نہ صرف سلامتی کو درپیش ابھرتے ہوئے خطرات اور گورننس کی مشکلات کو دور کرنے کے لئے اداروں کی صلاحیتوں کو مستحکم بنایا جا رہا ہے بلکہ نفاذِ قانون اور فوجداری نظامِ انصاف کے متعلقہ فریقوں کے لئے شروع کئے گئے اقدامات کے ذریعے انسانی حقوق اور صنفی تقاضوں سے ہم آہنگ سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔

کراچی میں جدید ترین باڈی سکینرز، ایئرپورٹس سکیورٹی فورس کے حوالے کرنے کی تقریب

پاکستان میں ایوی ایشن سکیورٹی کو مزید مستحکم بنانے کے لئے یو این او ڈی سی اور کینیڈا حکومت کی جانب سے پاکستان ایئرپورٹس سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کو جدید ترین خطوط پر تیار کئے گئے -360 ڈگری باڈی سکینرز دئیے جا رہے ہیں جن میں سے پہلا سکینر اے ایس ایف کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ یہ سکینرز بڑے ایئرپورٹس پر لگائے جائیں گے جن کی بدولت مسافروں کی سکریننگ کی کارروائی میں بہتری آئے گی، ممنوعہ اشیاء کی سمگلنگ کی روک تھام ہو گی اور سرحدی سلامتی مستحکم ہو گی۔

اس سلسلے میں ایک باقاعدہ تقریب اے ایس ایف سنٹر کراچی میں منعقد ہوئی جس کے دوران ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف میجر جنرل عدنان آصف جاہ شاد نے سکینر وصول کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سکیورٹی سرگرمیوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے اس سکینر کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ یو این او ڈی سی کے کنٹری ریپریزنٹیٹو جناب ٹروئلز ویسٹر نے اس اقدام کے دوررس اثرات پر اظہار خیال کرتے ہوئے یو این او ڈی سی اور کینیڈا حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی ایوی ایشن سکیورٹی اور سرحدی انتظامی امور میں بہتری کے لئے ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔

پاکستان میں کینیڈا کی ہائی کمشنر، ہر ایکسیلنسی لیزلی سکینلون نے دونوں حکومتوں کے درمیان گہرے تعلقات اور مشترکہ سکیورٹی مشکلات سے نمٹنے کے لئے عالمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

کراچی میں محکمہ انسدادِ دہشت گردی سندھ پولیس میں ای لرننگ سنٹر کا افتتاح

یو این او ڈی سی اور کینیڈا حکومت نے نیکٹا اور سندھ پولیس کے اشتراک سے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) سندھ پولیس میں ای لرننگ سنٹر کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس سہولت کی بدولت قانون نافذ کرنے والے اداروں کا عملہ 150 سے زائد خصوصی طور پر تیار کئے گئے تربیتی ماڈیولز تک رسائی حاصل کر سکتا ہے جن میں انسداد دہشت گردی کی حکمت عملیوں، سائبر کرائم کی تحقیقات اور پرتشدد انتہاپسندی کی روک تھام سمیت کئی اہم موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے آڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس سندھ جناب مظفر علی شیخ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عملے میں تحقیقات اور آپریشنز کی لازمی مہارتیں پیدا کرنے میں ڈیجیٹل لرننگ کے کلیدی کردار پر زور دیا۔ ہائی کمشنر کینیڈا نے کراچی میں دہشت گردی کے خطرات کو دور کرنے کے لئے سندھ پولیس کی خدمات کو سراہا اور ابھرتے ہوئے سکیورٹی خطرات کو پیش نظر رکھتے ہوئے فرنٹ لائن افسران اور عملے کی تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔

پاکستان میں عدلیہ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی سرگرمیاں – اسلام آباد میں کیس اسائنمنٹ اینڈ مینجمنٹ سسٹم (کیمز) کا اجراء

یو این او ڈی سی نے وزارت قانون و انصاف پاکستان اور کینیڈا حکومت کے اشتراک سے اسلام آباد میں کیس اسائنمنٹ اینڈ مینجمنٹ سسٹم (کیمز) کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سسٹم کی بدولت قانونی کارروائی سے متعلق امور کو جدید خطوط پر استوار کرنے، کیس ٹریکنگ کو آسان بنانے اور عدلیہ کی سرگرمیوں کو زیادہ شفاف بنانے میں مدد ملے گی۔

کیمز کے بنیادی مقاصد میں مقدمات سے متعلق امور کو بہتر طریقے سے انجام دینا، حکومتی وزارتوں اور لاء آفیسرز کے درمیان کوآرڈینیشن کو مستحکم بنانا، مقدمات بروقت نمٹانا اور انتظامی تاخیر میں کمی لانا ہے۔ کیمز کا آغاز عدلیہ کی گورننس سے متعلق امور کو بہتر بنانے کے لئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور نظام قانون کو زیادہ شفاف اور فعال بنانے کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

تقریب اجراء کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم جناب محمد شہباز شریف نے کہا کہ اس کا اجراء بہت پہلے ہو جانا چاہئے تھا اور سسٹم کو زیادہ فعال بنانے سے ملک بھر میں شہریوں کو خدمات کی فراہمی میں براہ راست بہتری آئے گی۔

ہائی کمشنر کینیڈا مس لیزلی سکینلون نے کہا کہ کیمز کی تقریب اجراء میں شرکت میرے لئے انتہائی مسرت کا باعث ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم شعبہ قانون کی گورننس اور احتسابی عمل کو مزید مضبوط بنانے میں انتہائی اہم کردار ادا کرے گا۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ کینیڈا جدت آمیز ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے اور ضابطے کی کارروائیوں کو زیادہ شفاف اور فعال بنانے میں مدد دینے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی اس تقریب اجراء میں شرکت قانونی اصلاحات پر حکومت کے پختہ عزم اور ای آفس کی سرگرمیوں کو باقاعدہ شکل دینے پر مبنی سوچ کی عکاسی کرتی ہے۔

یو این او ڈی سی کے کنٹری ریپریزنٹیٹو جناب ٹروئلز ویسٹر نے کہا کہ آج کیمز کا اجراء ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس جدت آمیز سہولت کی بدولت پاکستان بھر میں شعبہ قانون کی سرگرمیوں کو سہل اور شفاف بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس تقریب میں جناب وزیراعظم پاکستان کی شرکت ظاہر کرتی ہے کہ گورننس کو فعال اور نظام انصاف تک رسائی یقینی بنانے کے لئے حکومت اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں کس قدر دلچسپی لے رہی ہے۔

اوٹاوا کے گلوبل افیئرز کینیڈا کی جانب سے پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی مس ایرن ایسٹی نے پاکستان میں دہشت گردی کی روک تھام اور قلع قمع، سرحدی انتظامی امور میں بہتری اور غیرقانونی مالی سرگرمیوں کو روکنے کے لئے نفاذ قانون اور فوجداری نظام انصاف کے متعلقہ فریقوں کی آپریشنل استعداد میں بہتری کے لئے یو این او ڈی سی کے ذریعے کینیڈا کے مالی تعاون سے کام کرنے والے مختلف منصوبوں سے متعلق اجلاسوں میں شرکت کی اور تمام متعلقہ فریقوں سے ملاقاتیں کیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!