اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے منیر اکرم سے پاکستان نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے وفد کی ملاقات

0

ملاقات میں سفیر منیر اکرم نےاقوام متحدہ میں پاکستان کی وسیع تر ترجیحات بیان کیں

سفیر نےاقوام متحدہ میں پاکستان کے کلیدی اقدامات اور کامیابیوں پر بھی روشنی ڈالی

نیویارک (طاہر محمود چوہدری سے) پاکستان کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو ) کے 15 رکنی وفد، جس میں پاکستان کی مسلح افواج اور سول سروس کے سینئر افسران بشمول بنگلہ دیش، سری لنکا اور سعودی عرب کے اتحادی افسران شامل تھے، نے پاکستان کے مستقل نمائندے سے ملاقات کی اور اقوام متحدہ میں سفیر منیر اکرم نے وفد کو کثیرالجہتی میدان میں پاکستان اور اقوام متحدہ کی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

سفیر منیر اکرم نے دنیا بھر میں تیزی سے ترقی پذیر پیش رفت کے پس منظر میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی وسیع تر ترجیحات بیان کیں،انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی اہم ترجیحات میں جموں و کشمیر کا تنازعہ، افغانستان میں امن، ترقی اور ماحولیاتی تبدیلی کے مسائل اہم ہیں، انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے کلیدی اقدامات اور کامیابیوں پر بھی روشنی ڈالی، خاص طور پر انسداد دہشت گردی، اقوام متحدہ کی امن فوج، اقوام متحدہ میں اصلاحات، اسلامو فوبیا اور دیگر شعبوں میں کارکردگی کا خصوصی طور پر ذکر کیا۔

سفیر منیر اکرم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادں کے تحت تنازعہء کشمیر کے حل کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے اقوام متحدہ میں سرگرم رہا ہے، گزشتہ سال پاکستان اقتصادی اور سماجی کونسل کا صدر تھا اور اس سال پاکستان جی 77 اور چین (ترقی پذیر ممالک) کے گروپ کی سربراہی کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ میں یہ تسلیم کیا جاتا ہے کہ پاکستان بطور جی 77 اور او آئی سی چیئر خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کے ساتھ ساتھ مسلم ممالک کی ترجیحات کو آگے بڑھانے کے لیے ایک فعال کردار ادا کر رہا ہے۔پاکستان کی کامیابی کی کہانیوں میں سے ایک اقوام متحدہ کے امن مشن میں ہمارا تعاون ہے، ہمارے فوجیوں کو بہت عزت دی جاتی ہے۔ ہم اقوام متحدہ کے قیام امن میں 5ویں سب سے زیادہ فوجی تعاون کرنے والا ملک ہیں۔

اسلامو فوبیا کی وجہ سے پاکستان کی شراکت ایک اور اہم کامیابی ہے، ہم اسلامو فوبیا کے مسئلے کو اقوام متحدہ میں تسلیم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور او آئی سی کے ذریعے 15 مارچ کو اسلامو فوبیا کے عالمی دن کے حوالے سے ایک قرارداد منظور کی گئی، اس کے علاوہ اقوام متحدہ میں انسانی حقوق اور انسداد دہشت گردی کی کامیابیوں اور تعاون کے شعبے پر بھی بات چیت ہوئی۔

بریفنگ کے اختتام پر شرکاء نے عالمی مسائل اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے موقف پر سوالات کئے،وفد کے رکن نے شیلڈ پیش کی اور بصیرت افروز بریفنگ پر سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں، وفد کو اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کرنے کے لیے مستقل مشن نے سہولت فراہم کی، وفد نے پاکستان مشن کے مستقل نمائندے، نائب مستقل نمائندے، سفیر عامر خان اور مشن میں موجود دیگر افسران کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!