تقریب میں کشمیری راہنماؤں اور ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی شرکت
مہمان خصوصی پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین تھے
حکومت پاکستان کا مصمم ارادہ ہے کہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حق خود ارادیت کا اصول اور فیصلہ ہونا چاہئے،قونصل جنرل حسن افضل خان
دبئی(طاہر منیر طاہر)یوم استحصال کے سلسلہ میں سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی اور قونصلیٹ دوبئی میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کشمیری راہنماؤں اورہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی ۔
ابوظہبی میں منعقد ہونے والی تقریب کی صدارت ناظم الامور سفارت خانہ پاکستان امتیاز گوندل نے کی جبکہ دوبئی قونصلیٹ میں ہونے والی تقریب کی صدارت قونصل جنرل حسن افضل خان نے کی۔
مہمان خصوصی پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین تھے، ڈپٹی قونصل جنرل گیان چند نے صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف کے 5 اگست یوم استحصال کے موقع پر کشمیریوں کے نام پیغامات پڑھ کر سنائے۔
پاکستان اور کشمیر کے قومی ترانوں کے ساتھ آغاز ہونے والی تقریب میں مقررین نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے لیکن کشمیری جرات و دلیری سے بھارتی فوج اور مظالم کا مقابلہ کر رہے ہیں ۔
دیگر مقررین میں محمد ایاز کیانی صدر جماعت اسلامی اے جے کے یو اے ای، راجہ عبدالجبار صدر پاکستان مسلم لیگ آزاد کشمیر یو اے ای ،سردار جاوید یعقوب صدر پاکستان پیپلز پارٹی یواےای اور چوہدری محمد یاسین ایم ایل اے نے اظہار خیال کرتے ہو ئے کہا بھارت نے تمام عالمی اصولوں کو پامال کرتے ہو ئے ریاست کی پہچان ختم کرنے کی کوشش کی ہے جو کشمیریوں کو کسی طور بھی قبول نہیں،کشمیری ظلم و بربریت کے خلاف کھڑے ہیں اور ڈٹ کر مقابلہ کر ر ہے ہیں ۔
قونصل جنرل حسن افضل خان نے کہا کہ حکومت پاکستان کا مصمم ارادہ ہے کہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حق خود ارادیت کا اصول اور فیصلہ ہونا چاہئے، جس میں حکومت اور کشمیری عوام کو شامل ہونا چاہئے ، ہر عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کے حل ہونے تک ہر ممکن کوششیں جاری رکھیں گے۔
ابوظہبی اور دوبئی کی تقاریب میں تصویری نمائش بھی کی گئی جس میں بھارتی فوج کے مظالم کو نمایاں طور پر دکھایا گیا تھا، آخر میں علی نواز نے جہاں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی کامیابی کی دعا کی وہاں پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا گیا۔