پولیس نےمسلم کمیونٹی کو رات میں تنہا چہل قدمی کرنے سے منع کرتے ہوئے خبردارکر دیا
نیو میکسیکو کے شہر البیکرکی میں اب تک 4 مسلمانوں کو قتل کیا جا چکا ہے
واشنگٹن:امریکی ریاست نیو میکسیکو کے شہر البیکرکی کی پولیس نے مسلم کمیونٹی کو رات میں تنہا چہل قدمی کرنے سے منع کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ شہر میں 4 مسلمانوں کو قتل کیا جا چکا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست نیو میکسیکو کے شہر میں یکے بعد دیگرے پاکستانیوں سمیت 4 مسلمانوں کے پُراسرار قتل کے بعد پولیس نے مسلم کمیونٹی کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
پولیس نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی ممکنہ حملے سے بچنے کے لیے رات کو اکیلے چہل قدمی کے لیے نہ نکلیں اور گھر سے باہر نکلنے میں پوری احتیاط برتیں۔ مسلم کمیونٹی کو یہ ہدایت پولیس نے اسلامک سینٹر آف نیو میکسیکو کے توسط سے پہنچائی۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ حال ہی میں قتل ہونے والے 4 مسلمانوں کے قاتل سے متعلق یا کوئی عینی شاہد ہو تو سامنے آئے اور قانون کی مدد کرے۔
خیال رہے کہ 26 جولائی کو 41 سالہ آفتاب حسین کو قتل کیا گیا تھا جس کے بعد یکم اگست کو 27 سالہ افضل حسین کو قتل کیا گیا تھا۔
ان دونوں کی تدفن سے واپس آنے والے نوجوان نعیم حسین کو پارکنگ ایریا میں دو روز قبل قتل کردیا گیا۔
پولیس تفتیش کاروں کا دعویٰ ہے کہ ان تینوں قتل کی کڑیاں گزشتہ برس نومبر میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے محمد احمدی سے ملتی ہیں جو اسی علاقے میں اپنی دکان میں مارے گئے تھے۔
چاروں مقتولین میں سے دو کا تعلق پاکستان اور دو کا افغانستان سے ہے۔ ایک مقتول افضال حسین نیو میکسیکو کے ایک شہر کے لینڈ اینڈ پلاننگ ڈائریکٹر تھے۔
پولیس تاحال قتل کی ان چاروں وارداتوں کا سراغ لگانے میں ناکام رہی ہے۔