سفارت خانہ پاکستان سعودی عرب میں جشن آزادی کی رنگا رنگ تقریب

0

کمیونٹی ممبران کی بڑی تعداد میں شرکت،سعودی اور پاکستانی گلوکاروں نے ملی نغمے گا کر سماں باندھ دیا

پوری قوم ایک جان ہوکر ترقی یافتہ سوچ کو اپنا کر آگے بڑھے،سفیر پاکستان امیر خرم راٹھور

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں سفارت خانہ پاکستان میں جشن آزادی کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں کمیونٹی ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے پاکستان کا 75 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا جبکہ سعودی اور پاکستانی گلوکاروں نے ملی نغمے گا کر سماں باندھ دیا۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں سفارت خانہ پاکستان میں منعقد ہونے والی یوم آزادی کی تقریب میں کمیونٹی ممبران کے مردوخواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ سفیر پاکستان امیر خرم راٹھور سمیت دیگر سفارتی افسران بھی شریک تھے اس موقعہ پر وطن سے دور پاکستانیوں نے قومی دن کو یادگار بنا دیا۔

سعودی گلوکار احمد سلطان اور پاکستانی گلوکار سلیم رفیق نے ملی نغمے گا کر وطن سے محبت کے جذبے کو ابھارا جبکہ منچلے نوجوانوں نے قومی نغموں پر خوب رقص بھی کیا جبکہ تاریخ پاکستان سے متعلقہ کوئز پروگرام کے ذریعے شرکاء نے ڈھیروں انعامات بھی جیتے۔

اس موقعہ پر سفیر پاکستان امیر خرم راٹھور کا کہنا تھا کہ سعودی عرب بھر میں لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی مقیم ہیں جو وطن عزیز سے محبت کے اظہار کے لئے تقریبات کا اہتمام کر رہے ہیں جس سے باخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اوورسیز پاکستانی کس قدر اپنے ملک سے پیار کرتے ہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری قوم ایک جان ہوکر ترقی یافتہ سوچ کو اپنا کر آگے بڑھے تاکہ پاکستان اقوام عالم کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوسکے۔

پاکستانی کمیونٹی کے افراد کا کہنا تھا کہ پاکستان ملک سے باہر ہماری شناخت اور پہچان ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!