قائد اعظم محمد علی جناح کی تقاریر کے مطابق پاکستان میں اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں
پاکستان مسلم لیگ ن،یو اے ای منارٹی ونگ کی طرف سے یوم آزادی کی تقریب کا انعقاد
تقریب میں کیک کاٹا گیا،قومی،ملکی و ملی نغمے اور گیت گائے گئے
دبئی (طاہر منیر طاہر) 1947 میں قیام پاکستان کے وقت مسیحیوں نے حصول آزادی اور حصول پاکستان کے لیے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ لازوال قربانیاں دی ہیں، اگر تاریخ کے اوراق کو پلٹ کر دیکھا جائے تومسیحیوں کی بیشمار مثالیں دیکھنے کو ملیں گی، جہاں انہوں نے اس خطہ ارض کے حصول کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔
پاکستان کے تمام سرکاری اداروں میں بھی مسیحیوں کا بھر پور کردار نظرآتا ہے، ان خیالات کا اظہار قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کے قونصل جنرل حسن افضل خان نے پاکستان مسلم لیگ ن، یو اے ای منارٹی ونگ، لیڈیز منارٹی ونگ دبئی اور مسیحی کمیونٹی کی طرف سےمنعقدہ یوم آزادی کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم مسیحی برادری کو ان کی پاکستان کے لئے خدمات کے سلسلہ میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے سلسلہ میں منعقدہ اس تقریب میں پاکستان مسلم لیگ ن، یو اے ای منارٹی ونگ کے صدر جان قادر، پاکستان مسلم لیگ ن دبئی کے سینئر نائب صدر محمد شہزاد بٹ، میاں غلام محی الدین، وقاص گھمن، خواجہ عبدالوحید پال، سناور گل،سمیرا،ذیشان، سونیا ندیم، سہیل سناور، گل یاسمین، پاسٹر صابر مسیح اور مسیحی کمیونٹی کے بگٹ سے لوگوں نے شرکت کی۔
یوم آزادی کے موقع پر ہال کو پاکستانی جھنڈوں اور جھنڈیوں کے ساتھ سجایا گیا تھا، نوجوان سنگرز نے ساز اور سر بکھیرے، قومی، ملکی اور ملی نغمے اور گیت گائے گئے، جسے تقریب کے شرکاء نے دل چسپی اور مزے سے سنا۔
قونصل جنرل اور دیگر مہمانان خصوصی کی موجودگی میں تالیوں کی گونج میں عظیم الجثہ کیک کاٹا گیا، یوم آزادی کی تقریب سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک آزاد وطن کےباسی ہیں اور ہمیں یہ آزادی بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی انتھک کوششوں کے باعث ملی۔
ہم اس آزادی کا جس قدربھی شکر ادا کریں وہ کم ہے، آزادی ایک نعمت ہے اس کی ہمیں قدر کرنی چاہیے اور اپنے ملک کی عزت، مضبوطی اور سالمیت کے لئے کام کرنا چاہیے، تقریب کے آخر میں پاکستان مسلم لیگ ن، یو اے ای منارٹی ونگ کے صدر جان قادرنے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور مہمانوں کی تواضع پر تکلف لنچ سے کی۔