فرانس کے دارالحکومت پیرس میں منعقدہ کبڈی ٹورنامنٹ کا فائنل بیلجئم کبڈی کلب نے جیت لیا

0

ٹورنامنٹ کو دیکھنے پاکستانی و سکھ کمیونٹی سمیت ہزاروں کی تعداد میں شائقین نے لاکورنیو گراونڈ کا رخ کیا

شائقین نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور کھلاڑیوں کو خوب داد دی

پیرس(سید شاہ زیب ارشد)کبڈی ٹورنامنٹ کا فائنل بیلجئم کبڈی کلب نے جیت لیا، فائنل میچ میں بیلجئم نے ہالینڈ کو شکست سے دوچار کیا۔

تفصیلات کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس میں سکھ کمیونٹی کی جانب سے پنجابیوں کے پسندیدہ کھیل کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیاگیا، کبڈی ٹورنامنٹ کو دیکھنے پاکستانی و سکھ کمیونٹی سمیت ہزاروں کی تعداد میں شائقین نے لاکورنیو گراونڈ کا رخ کیا۔

اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو داو پیج لگاتے دیکھ کر شائقین نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور کھلاڑیوں کو خوب داد دی، ٹورنامنٹ میں پاکستان سے آئے انٹرنیشنل کبڈی پلیئر بنیامین ملک کے چرچے خوب رہے۔

بنیامین ملک نے بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرکے شائقین کے دل جیت لئے مگر بدقسمتی سے بنیامین ملک کی ٹیم فرانس فائنل تک رسائی حاصل نہ کرسکی اور سیمی فائنل مقابلے میں بیلجئم سے شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔

لاکورنیو کے مئیر گل پوکس نے مہمان خصوصی کے فرائض سرانجام دئیے اور شاندار ٹورنامنٹ آرگنائز کرنے پر کبڈی انتظامیہ کو مبارکباد دی، سکھ کمیونٹی کا کہنا تھا کہ سرحد کے دونوں اطراف کبڈی کو بے پناہ پسند کیاجاتا ہے، خوشی ہوئی کہ آج کبڈی ٹورنامنٹ میں پاکستانی کمیونٹی نے بھی بھرپور شرکت کی اور کبڈی کو سپورٹ کیا۔

فائنل معرکہ بیلجئم اور ہالینڈ کے ٹیموں کے درمیان ہوا ، بیلجئم کبڈی کلب نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہالینڈ کی ٹیم کو شکست سے دوچار کیا اور فائنل معرکہ اپنے نام کیا۔

کبڈی انتظامیہ کی جانب سے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنیوالے کھلاڑیوں کو نقد انعامات اور ٹرافی سے نوازا، کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!