مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی بے نقاب کرنے میں اوورسیز پاکستانی اپنا کردار ادا کریں، شاہ محمود قریشی

لندن (تارکین وطن نیوز)پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری سے کہا ہے کہ وہ بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق اور انسانی پامالیوں کو بے نقاب کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

لندن میں کشمیر سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد برطانوی رہنمائوں سے گفتگوکرتے ہوئے وزیر خارجہ نے پاکستان کی طرف سے کشمیر کے نصب العین کو آگے بڑھانے اور مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے سے متعلق کئے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے قابل اعتماد عالمی ذرائع پر انحصار کرتے ہوئے حال ہی میں ایک دستاویز تیار کی ہے جس میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں تین ہزار جنگی جرائم کی تفصیلات دی گئی ہیں۔

انہوں نے برطانوی پارلیمنٹ میں حالیہ بحث کو بھی سراہا جس میں بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں ایک بار پھر بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے کشمیری قیادت کو یقین دلایا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔

Comments (0)
Add Comment