جرمنی کے شہر برلن میں یوم تکبیر کے حوالے سے تقریب، پاکستانیوں کی بھرپور شرکت

برلن(رپورٹ:مہوش ظفر)دنیا بھر میں یوم تکبیر کے حوالے سے تقریبات کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے،جرمنی کے شہر برلن میں یوم تکبیر کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔جس میں جرمنی بھر سے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، تقریبات سے جرمنی میں موجود ن لیگی قیادت اور دیگر سیاسی و سماجی کارکنان نے خطاب کیا۔

اپنے اپنے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ دنیا کی پہلی ایٹمی اسلامی قوت کا نام پاکستان ہے،ہم اللہ کی اس بیش بہا نعمت پر اس کا شکر ادا کرتے ہیں اور جن عظیم لوگوں کی وجہ سے آج ہم ایٹمی قوت جیسی نعمت سے سرفراز ہوئے ہمیں ان کو بھی ہمیشہ اچھے الفاظ میں یاد رکھنا چاہئے۔

مقررین نے مزید کہا کہ یوم تکبیر کا دن کسی ایک سیاسی جماعت سے منسلک نہیں ہے بلکہ یہ پوری قوم کے لئے خوشیاں منانے کا دن ہے کہ جس دن پاکستان کو پہلی بار ایٹمی قوت بننے کا اعزاز حاصل ہوا اور ان شاء اللہ تاقیامت رہے گا۔

تقریب میں لندن سے مسلم لیگ ن کے چیف آرگنائزر اورسیز پاکستان امجد ملک نے بھی آن لائن خطاب کیا ۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے برلن برانڈ برگ کے صدر اعجاز بٹ کا کہنا تھا کہ آج اس موقع پر ہم اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کو خصوصی طور پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ساری دنیا کے دبائو اور طرح طرح کی آفرز کے باوجود اس وقت کی حکومت نے بھارت کے ایٹمی دھماکے کرنے پر انھیں منہ توڑ جواب دیا ۔اس موقع پر حاضریں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔تقریب کے آخر میں پاکستان کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور کیک بھی کاٹا گیا۔

Comments (0)
Add Comment