جرمنی:پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی غیر متزلزل حمایت کیلئے پرعزم ہے،مقررین

عالمی برادری کو مسئلہ کے پرامن حل کے لئے کردار ادا کرنا چاہئے،یوم یکجہتی کشمیر کی تقریبات سے شرکاء کا خطاب

برلن(رپورٹ: مہوش ظفر )سفیر پاکستان ثقلین سیدہ نے یوم یکجہتی جموں و کشمیر کے حوالے سے سفارتخانہ کی جانب سے منعقدہ ویبینار کی صدارت کی جسکا مقصد پاکستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مقیم عوام بارے حمایت کےعزم کا اعادہ کرنا تھا۔اپنے ابتدائی کلمات میں سفیر نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کی جانب سے کشمیریوں سے 76 سال قبل کیا گیا عہد ،بھارتی ہٹ دھرمی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ناکامی کے باعث آج تک وفا نہیں ہو سکا۔

ممتاز کشمیری رہنمائو ں جن میں مشعال ملک(بذریعہ ویڈیو پیغام)،الطاف حسین وانی،شمیم شال اور علی رضا شامل تھے،نے مقبوضہ جموں کشمیر میں ابتر صورتحال کو اجاگر کیا اور کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں کو مسلسل انکے بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے 5اگست 2019 کے بعد سے علاقے کا آبادیاتی توازن بدلا جا ر ہا ہے اور ایک باضابطہ منصوبہ بندی اور ظالمانہ طریقے سے انکی آوازوں کو خاموش کرایا جا رہا ہے ۔

مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو خطے کے پائیدار امن کے لئے بالخصوص اور دنیا کے امن کے لئے بالعموم اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنانا چاہیے۔ انھوں نے کشمیریوں کے جائز حق کے لئے غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے پر پاکستانی عوام اور حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔

سفیر پاکستان نے اپنے اختتامی کلمات میں کشمیریوں کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل ہو نے تک پاکستان کی مسلسل اخلاقی،سفارتی اور سیاسی مدد جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ویبینار کے بعد سفارتخانہ ہی میں کمیونٹی اور مقامی شہریوں کے لئے ایک باقاعدہ تقریب اور تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا،تقریب میں پاکستانی قیادت کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔

حاضرین کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے مظلوم کشمیریوں کی تکالیف کے بارے میں دنیا کو زیادہ آگاہی دینے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس دیرینہ تنازعہ کے حل پر زور دیا گیا۔

شرکاء کی جانب سے مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی حالت زار کے مناظر کی تصاویر دیکھ کر اس بات کا بھی اعادہ کیا گیا کہ وہ جرمنی میں اپنے حلقہءاحباب میں اس بارے مزید آگاہی پھیلائیں گے تاکہ اس ضمن میں مزید عوامی حمایت حاصل ہو ۔

تقریبات میں بڑی تعداد میں کمیونٹی،کشمیریوں،مقامی جرمن باشندوں ،سول سوسائٹی،طلبہ اور صحافیوں نے شرکت کی۔

Kashmir Germany Solidarity Dayیوم یکجہتی کشمیر جرمنی
Comments (0)
Add Comment