سابقہ حکومت نے پوری قوم کو ایک دوسرے کا گریبان پکڑا دیا ہے،احسن اقبال

0

پی ٹی آئی کا سربراہ اور سوشل میڈیا عوام میں نفرتوں کو جنم دے رہا ہے

اوورسیز پاکستانی ملک کے لئے اسٹرٹیجک پارٹنر کی حیثیت رکھتے ہیں

وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال کا پاکستان قونصلیٹ جدہ میں کمیونٹی سے خطاب

جدہ (امیر محمد خان سے )وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے گزشتہ سابقہ حکومت نے حکومت سے جانے کا غم اسقدر لیا ہے کہ پوری قوم کو ایک دوسرے کا گریبان پکڑا دیا ہے، آج ادارے کہتے ہیں کہ ہمارا سیاست سے تعلق نہیں ہم عوام اور سیاسی جماعتوں کے درمیان غیر جانبدار ہیں تو اس جماعت کا سربراہ انہیں جانور کہہ رہا ہے انکے لئے قابل اعتراض جملے کس رہا ہے وہ خود اور اسکا سوشل میڈیا عوام میں نفرتوں کو جنم دے رہا ہے۔

احسن اقبال پاکستان قونصلیٹ جدہ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کررہے تھے، احسن اقبال نے کہا کہ بیرون ملک ہر شخص کی اچھائی یا برائی اسکے ذاتی نام سے نہیں بلکہ اسکے ملک سے پہچانی جاتی ہے اسلئے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی سعودی عرب کے قوانین کا احترام کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کریں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا امن و امان کے مسئلے پر حکومت بھر پور کوشش کررہی ہے مگر بد قسمتی سے پنجاب میں اور سرحد میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے وہ مرکز کے خلاف ہر قدم اٹھاتی ہے، مرکزی وزیر داخلہ کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کرتی ہے۔

سیلاب زدگان کی امداد کیلئے وزیر اعظم کی کوششوں کو نقصان پہنچارہے ہیں جس سے عوام تک مدد نہیں پہنچ رہی جسکا انتظام مرکزی حکومت نے کیا ہے۔یہ کون سی ملک سے محبت ہے کہ سیلاب زدگان کی امداد کے حوالے سے بھی انہوں نے اقوام متحدہ سے لیکر دوست ممالک کو بھی کہا کہ انکی امداد نہ کرو یہ عوام کی نمائندہ حکومت نہیں ہے،احسن اقبال نے کہا کہ مدینہ کی ریاست اور جمہوریت، نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والے کہتے ہیں کہ ملک میں مارشل لاء لگ جا ئے۔

احسن اقبال نے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی اسوقت پی ٹی آئی کے ایک وزیر کا کہنا تھا اچھا ہوا ہم سے حکومت چلی گئی ورنہ معیشت کی وجہ سے لوگوں نے ہمیں پتھر مارنے تھے۔ اوورسیز پاکستانی ملک کے لئے اسٹرٹیجک پارٹنر کی حیثیت رکھتے ہیں، ان کی خدمات کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن جب بھی برسر اقتدار آئی اس نے ملک کو بہتری کی جانب بڑھایا ہے ،وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہناتھا کہ ہماری سیاست ملکی استحکام اور اسکی ترقی پر مبنی ہے،2018 سے قبل ہم آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کرکے کشکول توڑ چکے تھے،پی ٹی آئی نے ملکی معیشت کو برباد کیا جس سے معاشی بحران نے جنم لیا،پی ٹی آئی کی حکومت کے پاس ترقیاتی بجٹ تک پیسے نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک ڈیفالٹ ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے،پی ٹی آئی اور اسکے کچھ میڈیا میں حواری بے بنیاد پروپگنڈہ کر رہے ہیں،پاک چین راہداری کے حوالے سے مزید کہا کہ اسکا دوبارہ آغاز ہوچکا ہے، دوست ممالک سمیت دنیا بھر سے تعلقات کو بہتر بنایا گیا ہے، کمیونٹی کے اجلاس میں قونصل جنرل خالد مجید نے وزیر منصوبہ بندی کو کمیونٹی اور قونصلیٹ کی جانب سے خوش آمدید کہا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!