برسلز(تارکین وطن نیوز )جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ بلجیم برانچ کے زیر اہتمام یورپین دارالحکومت برسلز میں واقع بھارتی سفارتخانے کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔
یہ مظاہرہ 27 اکتوبر کو بھارتی افواج کے مقبوضہ کشمیر میں داخلے کے دن کو یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھنے کے حوالے سے کیا گیا۔ مظاہرے میں جے کے ایل ایف سے تعلق رکھنے والے مردوں اور خواتین نے شرکت کی۔
جنہوں نے کشمیر کے جھنڈے، اپنے قائدین کی تصاویر اور مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے خلاف مختلف پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یہ مظاہرے 7 عشروں سے جاری ہیں اور اپنے حق آزادی کے حصول کیلئے اگر مزید 7 عشرے بھی انہیں اپنے حق کیلئے آواز بلند کرنا پڑی تو وہ کریں گے۔
انہوں نے بین الاقوامی کمیونٹی سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں قید کشمیریوں کی سیاسی قیادت اور دیگر اسیروں کی رہائی اور مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی افواج کے فوری انخلا کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔