جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ کے زیر اہتمام ناٹنگھم میں کنونشن کا انعقاد،یاسین ملک اور دیگر اسیران کی رہائی کا مطالبہ
ناٹنگھم(تارکین وطن نیوز)جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ کے زیر اہتمام برطانیہ زون کا کنونشن اور سیمینار منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے تقسیم کشمیر کی سازش کی مذمت کرتے ہوئے فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک اور دیگر اسیران کی رہائی کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر شہدا کے ایصال ثواب کے لیے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔مقرین نےکہا کہ جے کے ایل ایف امان اللہ ملک، مقبول بٹ اور یاسین ملک کے خوابوں کا تسلسل ہے اور وہ دن ضرور شرمندہ تعبیر ہو گا جس دن ہماری نوجوان نسل اپنے آزاد خطے میں آنکھ کھولے گی اور آزادی کا سانس لے گی۔
شہدائے جموں کو ہرگز فراموش نہیں کرسکتے جنہوں نے اپنی جانیں پیش کرکے جموں و کشمیرکے لوگوں کے ہمت و حوصلے کو مزید مضبوط کیا، سیمینار سےظفر خان، سردار نسیم اقبال ایڈووکیٹ لیاقت لون نے کہا کہ برطانیہ کے ہر شہر سے جے کے ایل ایف کا پیغام پھیلایا جائے گا، برانچز قائم کی جائیں گی، ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھ سکتے جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو جاتا، کشمیریوں پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ اپنے تشخص کو قائم رکھنے کے لیے متحد و منظم ہوں اور یکجا ہو کر دشمن کا مقابلہ کریں ۔
بین الاقوامی قوتوں کو مسئلہ کشمیر سے آگاہ کریں، انھوں نے کہا کہ گاندھی، نہرو اور قائداعظم نےبیرون ممالک تعلیم حاصل کی اور اپنی قوم کو آزادی دلوائی بالکل اسی طرح بیرونی دنیا میں مقیم طلباء و طالبات متحرک ہوں پارلیمنٹیرین کو قائل کریں انھیں مسئلہ کشمیر کی افادیت اور اہمیت سے آگاہ کریں کیونکہ یہ مسئلہ خطہ، جائیداد ،مال و دولت سے نہیں انسانی جانوں سے وابستہ ہے، کشمیری عوام کی زندگیوں سے کھیلا جا رہا ہے، نوجوان نسل کی زندگیوں کو روندا جا رہا ہے، نوجوانوں کی نسل کشی اور انہیں ضروریات زندگی سے محروم کیا جا رہا ہے۔
کشمیری ایک قوم ہیں جنہیں آزاد خطے میں سانس لینے کا حق ہے ،عالمی طاقتیں آنکھیں کھولیں اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوائیں، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق کشمیریوں کی مرضی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہو ئے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں ۔سردار نسیم ایڈوکیٹ نے نئے عہدیداران سے کہا کہ یہ ذمہ داریاں اصل میں کانٹوں کی سیج ہیں جن پر چل کر ہی مسئلہ کشمیر بین الااقوامی ایوانوں میں پہنچایا جائے گا۔
معروف کشمیری رہنما سردار الطاف عباسی نے کہا کہ دنیا میں سب سے زیادہ ہجرت کرنے والی کشمیری قوم ہے جو دربدر ہو کر مختلف ملکوں میں پہنچی لیکن آج تک کوئی مستند دستاویز تیار نہ کیا گیا جس سے اندازہ لگایا جا سکے یا دنیا کو یہ باور کرایا جا سکے کہ یہ واحد قوم ہے جس نے انصاف اور اپنے حق کے لیے اتنی بڑی تعداد میں اپنی سرزمین کو چھوڑا، انھوں نے کہا کہ جموں و کشمیر نے اپنے خون سے تحریک آزادی کشمیر کی آبیاری کی ہے۔
صابر گل، چوہدری یوسف، راجہ علی اصغر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر لاکھوں شہدا کے خون سے لکھی گئی ہے اور ہم شہدا کی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچا کر رہیں گے۔ سیمینار میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ یاسین ملک کو فی الفور رہا کیا جائے۔ سیمینار سے کامریڈ آصف، مشتاق پاشا، سجاد واسطی، خان فاروق خان ،توصیف غلام، حماد ملک نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں ماؤں کا بھی بڑا کردار ہے ۔
مائیں اپنے بچوں کو مسئلہ کشمیر سے آگاہ کریں تاکہ بچے بچے کا اسکول سے تحریک کا آغاز ہو۔ معروف این جی او کی نمائندہ مس کلیئر نے خطاب کرتے ہوئے کشمیر کی آزادی کے لیے دستخطی مہم کا آغاز کرنے اور اپنے اپنے علاقے کے ممبران پارلیمنٹ سے رابطہ رکھنے پر زور دیا۔