ناروے:اوسلو کے نواحی علاقے شی میں مسجد کی تعمیر کیلئے چیریٹی ڈنر، تین ملین کرائون سے زائد رقم جمع

0

اوسلو(رپورٹ:عقیل قادر) اوسلو کے نواحی علاقے شی میں 22 برس قبل ایک بلڈنگ کے ہال میں مسلم کلچر سینٹر شی کے نام سے مسجد کا آغاز کیا گیا تاکہ مقامی لوگوں کی مذہبی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

شی کے علاقے میں مسلمانوں کی تعداد بڑھنے کی وجہ سے جگہ کی کمی محسوس کی گئی اور نئی مسجد کے لیے دس ملین کرائون سے زمین کی خریداری کی گئی جبکہ مسجد کی تعمیر کے لیے 60 ملین کرائون کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ مسلم کلچر سینٹر شی نے مسجد کی تعمیر کے لیے ایک چیریٹی ڈنر کا اہتمام کیا جس میں امریکہ سے ڈاکٹر علامہ شہباز احمد چشتی نے خصوصی شرکت کی ۔

پروگرام کی صدارت پیر سید نعمت علی شاہ بخاری نے کی، چیریٹی ڈنر میں دورو نزدیک سے بڑی تعداد میں علمائے کرام اور خواتین و حضرات نے بھرپور شرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز قاری رضا خالد قادری نے تلاوت قرآن پاک سے کیا ۔

علامہ نجیب ناز اور صاحبزادہ یاسین سعید نے بارگاہ رسول ﷺ میں نعت پیش کی۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض علامہ قاری عامر خان نے احسن انداز میں سرانجام دیئے۔

ڈاکٹر علامہ شہباز احمد چشتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی راہ میں مال خرچ کرنا نفع بخش تجارت ہے، اگر کسی شخص نے ارادہ کرنے کے بعد نیک کام کر لیا تو پھر اس کو دس گنا سے سات سو گنا ، بلکہ اس سے بھی زیادہ اجرو ثواب ملے گا۔

پروگرام میں مسجد کے لیے تین ملین کرائو ن سے زائد رقم جمع کی گئی۔ مہتاب اسلم نے نئی مسجد کا نقشہ تیار کیا اور اس کی پریزنٹیشن پیش کی۔

ثاقب ریاض صد ر شی مسجداورجنرل سیکریڑی ملک محمد نوازنے اپنی پوری ٹیم کا تعارف پیش کیا۔ اس موقع پر پیر سید نعمت علی شاہ بخاری، ڈاکٹر زاہد عدیل، علامہ سید فراست علی شاہ بخاری، مولانا محبوب الرحمن اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

آخر میں مولانا محبوب الرحمن نے دعا کرائی اور لوگوں سے اپیل کی کہ مسجد کی تعمیر مکمل ہونے تک انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!