ناروے:پاکستان کی ترقی و سلامتی کیلئے تمام اداروں کو آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ہو گا،سابق ایم این اے چوہدری عابد رضا
اوسلو (رپورٹ:عقیل قادر) ناروے کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت ڈاکٹر راجہ مبشر بنارس اور ڈاکٹر شہزاد ضیاء بنارس کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے چوہدری عابد رضا کوٹلہ کے اعزاز میں ایک خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں سیاسی، مذہبی اور سماجی رہنماوں نے شرکت کی۔
تقریب کا آغازسید زاہد شاہ نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اور چوہدری محمد اشرف نے بارگاہ رسول ﷺ میں نعت شریف پیش کی۔ تقریب سے چوہدری عابد رضانے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان وسائل کے اعتبار سے مالا مال ملک ہے مگر ہر آنے والے دن کے ساتھ اس کے مسائل میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مسائل سے نکالنے کے لیے تمام قوتوں کو متحد ہونا پڑے گا،انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو اپنے حقوق اور نظام کی تبدیلی کے لیے جدوجہد کرنا پڑے گی۔ڈاکٹر مبشر بنارس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ناروے کی طرح پاکستان میں بھی جمہوریت کا ثمر عوام الناس تک پہنچے تاکہ ہر پاکستانی خوشحال زندگی گزار سکے۔
ڈاکٹر شہزاد ضیاء بنارس نے تقریب میں شرکت کرنے پر تمام مہمانوں اور باالخصوص چوہدری عابد رضا کا تقریب کو رونق بخشنے پر شکریہ ادا کیا۔ تقریب کی نقابت کے فرائض چوہدری غلام سرور نے احسن انداز میں سر انجام دیئے۔
تقریب میں جن اہم شخصیات نے شرکت کی ان میں چوہدری مشتاق احمد برنالی، چوہدری خالد کسانہ، شیخ طارق محمود، چوہدری شبیر حسین، چوہدری تنویر احمد میکن، چوہدری سجاد داد پوہلہ، چوہدری پرویز اختر بھٹی، راجہ عبدالمجید، چوہدری رفاقت علی، رفاقت علی، راجہ عاشق مدثر، طاہر زمان، چوہدری اشتیاق احمد برنالی اور دیگر شامل ہیں۔