ہمارا تعلق اس امت سے ہے جس نے ہمیشہ بھائی چارے اور محبت کا درس دیا ،پیر فیاض الحسن سروری قادری

0

ایتھنز (رپورٹ:انصر اقبال بسراء) مرکز حق باہو ٹرسٹ ایتھنز میں اتحاد بین المسلمین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ،کانفرنس میں یونان بھر سے بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔

کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم سے کیا گیا ،کانفرنس کے مہمان خصوصی چیئرمین حق باہو ٹرسٹ پاکستان صاحبزادہ پیر فیاض الحسن سروری قادری تھے۔

کانفرنس میں شامل کارکنان نعرہ تکبیر اور نعرہ رسالت کی صدائیں بلند کرتے رہے، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ فیاض الحسن قادری کا کہنا تھا کہ آج دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کی پستی کا اصل سبب آپس میں نااتفاقی ہے، اپنی نااتفاقی کی وجہ سے آج مسلمانوں کو دنیا بھر میں رسوائی اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

حضرت سخی سلطان باہو ٹرسٹ اس وقت لاکھوں بچوں اور بچیوں کی تعلیم اور ہنر کے لیے کفالت کے فرائض سرانجام دے رہا ہے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ فیاض الحسن سروری قادری کا کہنا تھا کہ ہمارے نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم صرف مسلمانوں کے لیے رحمت بن کر نہیں آئے تھے بلکہ وہ ساری دنیا کے لیے رحمت اور امن کا پیغام لے کر آئے تھے۔

ہم چاہے کسی بھی ملک میں ہوں ہمیں اپنے کردار سے ان کو بتانا چاہیے کہ مسلمان ایسے ہیں، کانفرنس کے اختتام پر صدر حق باھو ٹرسٹ یونان چوہدری عتیق الرحمن کی جانب سے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا گیا اور پاکستان کے امن اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا فرمائی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!