پاکستان بلائنڈ بیس بال ٹیم ورلڈکپ میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنیوالی ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ اور تقسیم انعامات
روچڈیل (محمد فیاض بشیر) پاکستان کی بلائنڈ بیس بال ٹیم نے ورلڈکپ میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی ٹیم کے اعزاز میں روچڈیل کے مقامی ریسٹورنٹ میں تقسیم انعامات اور عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ۔
رکن برطانوی پارلیمنٹ افضل خان ، پاکستانی قونصلیٹ مانچسٹر میں تعینات قونصل جنرل طارق وزیر خان ، ہیڈ آف پاکستان بلائنڈ فیڈریشن بیس بال یوکے شیراز چوہان ، سیکرٹری جنرل پاکستان فیڈریشن بیس بال سید فخر علی شاہ اور بیس بال ٹیم اور کوچ سیف الرحمان کی شرکت۔
سیکرٹری جنرل سید فخر علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کے بچے کھیلوں میں مہارت رکھتے ہیں ہم اپنی کمیونٹی کو کھیلوں بارے آگاہی دینا چاہتے ہیں انکا مزید کہنا تھا کہ کھیلوں کے ذریعے ہم پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنا چاہتے ہیں ،ہیڈ آف پاکستان بلائنڈ فیڈریشن بیس بال یوکے شیراز خان نے کہا ہم نے محدود وسائل اور کم وقت میں اپنے مادر وطن کے لیے کانسی کا تمغہ جیتا جو ہمارے لیے باعث اعزاز ہے۔
رکن برطانوی پارلیمنٹ افضل خان نے کہا معذوری کی وجہ سے ہمیں ایسے لوگوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے بلکہ انہیں ہر میدان میں موقع دینا چاہیے جیسے ان نوجوانوں نے پاکستان کے لیے بہت بڑا کارنامہ انجام دیا ۔
قونصل جنرل طارق وزیر خان نے کہا کہ وہ حکومت پاکستان کے نمائندہ کی حیثیت سے انکی ہر طرح کی ممکن مدد کے لیے تیار ہیں ٹیم اگلے ورلڈکپ میں سونے کا تمغہ جیتنے کے لیے پرعزم ہے۔بیس بال ٹیم کے کوچ سیف الرحمان نے کہا کہ کانسی کا تمغہ جیتنے سے ٹیم نے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے ۔
آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ارسلان صابر نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق سے درخواست کی کہ وہ آزاد کشمیر کے معذور افراد کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کریں ۔
زاہد محمودو دیگر کھلاڑیوں نے کانسی کا تمغہ جیتنے کو باعث فخر کہتے ہوئے کہا کہ ہم نے ملک اور قوم کا نام روشن کیا اور آئندہ بھی کریں گے ،پاکستان بلائنڈ بیس بال ٹیم کا ورلڈکپ میں کانسی کا تمغہ جیتنا تارکین وطن پاکستانی کمیونٹی اور پاکستان کے لیے باعث اعزاز و فخر ہے۔