والدین کی ارواح کو ایصال ثواب اور انکی بتائی ہوئی وصیت پر عمل کرنا ہم پر فرض ہے، پیر ابو احمد محمد مقصود مدنی
اولڈہم (رپورٹ:محمد فیاض بشیر) اولڈہم کی ہر دلعزیز ملنسار سماجی و مذہبی شخصیت صوفی عبد المجید اسلم مرحوم کی یاد میں مدینہ جامع مسجد میں تعزیتی روحانی محفل کا انعقاد ، ادارہ نور السلام فیصل آباد انٹرنیشنل کے بانی و سرپرست اعلیٰ عالمی مبلغ اسلام و سفیر امن حضرت پیر ابو احمد محمد مقصود مدنی نے خصوصی شرکت ۔ جبکہ مقامی علمائے کرام مفتی محمد اعظم اور مولانا قاری محمد اسلم سیالوی بھی تعزیتی روحانی محفل کا حصہ بنے ۔
محفل کی نقابت مسجد ہذا کے امام حافظ محمد ماجد نے کی جبکہ تلاوت کلام پاک کا شرف حافظ حماد کو نصیب ہوا ، آقائے کائنات کی بارگاہ رسالت میں گلہائے عقیدت کے پھول حاجی محمد اشفاق وارثی مدنی، خلیفہ حاجی عبد القیوم مدنی اور ڈاکٹر شہباز حسین مدنی نے نچھاور کیے۔
والدین کے مقام و رتبہ بیان کرتے ہوئے پیر ابو احمد محمد مقصود مدنی نے کہا کہ اولاد کے لیے والدین کے دنیا سے چلے جانے کے بعد سب سے بڑا صدقہ جاریہ یہ ہے کہ انکی مغفرت کے لیے قرآن کریم پڑھ کر ایصال ثواب پہنچائیں اور والد کے بھائیوں کی عزت و تکریم اپنے والد کی طرح کریں اور اگر ماں دنیا سے چلی جائے جو تو اسکی بہنوں کو ماں درجہ دیتے ہوئے ایسا ہی حسن سلوک کریں ۔
انکا مزید کہنا تھا کہ اولاد کی اولین زمہ داری ہے کہ وہ والدین کی وصیت پر عمل کریں اور انکی وصیت کو اپنی آخری سانس تک نبھائیں، ان کا کہنا تھا کہ گو کہ صوفی عبد المجید اسلم کے ساتھ انکا قلیل عرصے کا تعلق تھا لیکن انکی ملنساری محبت و شفقت نے اپنا گرویدہ کر لیا تھا موت برحق ہے ہر زندہ شئے نے موت کا کڑوا ذائقہ چکھنا ہے مرحوم کی وفات دلی طور پر رنجیدہ کر گئی ہے۔
اللّٰہ تعالیٰ کی بارگاہ الٰہی میں دعا ہے مرحوم کی عالم برزخ کی منزل آسان فرماتے ہوئے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان اور بالخصوص انکی اولاد کو صدمہ عظیم برداشت کرنے کی ہمت و توفیق دے آمین ثم آمین ۔
مفتی محمد اعظم اور مولانا قاری محمد اسلم سیالوی نے بھی حاجی صوفی عبد المجید اسلم کی سماجی و دینی خدمات کے ساتھ حسن سلوک کو مشعل راہ قرار دیا ۔ پیر ابو احمد محمد مقصود مدنی نے امت مسلمہ اور دنیا سے چلے جانے والے اہل ایمان کے لیے خصوصی دعا بھی کی ۔