پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی ناروے کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سیمینار،سفیر پاکستان بابر امین کی خصوصی شرکت

0

اوسلو(عقیل قادر)ہر سال دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانی پانچ فروری کو کشمیریوں کے ساتھ اخلاقی اور سفارتی حمایت کے لیے تقریبات کا انعقاد کرتے ہیں۔

پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی ناروے نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے کووڈ 19 اور ایس ا و پیز کے ساتھ سیمینار کا انعقاد کیا جس میں اوسلو سے معروف شخصیات نے شرکت کی۔

عزیز الرحمن چشتی نے تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا ، قاری رحمت علی نے نعت رسول مقبولﷺپیش کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان بابر امین تھے جبکہ تقریب کی صدارت پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی کے صدر چوہدری عبدالحمید نے کی ۔

سفیر پاکستان بابر امین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ی اپنے حقوق کی جنگ کئی دہائیوں سے لڑ رہے ہیں اور ان حقوق کو حاصل کرنے کے لیے کشمیری قوم اب تک قربانیوں کے نذرانے پیش کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت کی سات لاکھ فوج بھی کشمیریوں کے جذبے اور حوصلے کو ختم نہیں کر سکی۔

و یلفیئر اتاشی خالد محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی سفارتی حمایت کے لیے ضروری ہے کہ ہم یورپ بھر میں منظم انداز میں کشمیر کے ایشو پر کام کریں اور انڈین فورسز کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کریں۔

راجہ مقبول حسین صدر جموں کشمیر یکجہتی موومنٹ نے کہا کہ کشمیر ی اپنے حقوق کی جنگ میں ہزاروں جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ ہندوستان نے ظلم و بربریت کے تمام حربے استعمال کر لیے مگر کشمیریوں کے سینوں سے آزادی کی شمع بجھا نہیں سکا۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن ہندوستان کو مذاکرات کی میز پرکشمیر کا حل نکالنا پڑے گا۔

پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی کے نائب صدر راجہ عاشق حسین نے کشمیر کے حوالے سے خوبصورت شاعری کے ساتھ خطاب کر کے جذبوں کو گرمایا اور حاضرین نے اپنی تالیوں سے بھرپور داد پیش کی۔

پوٹھوہار ویلفیر سوسائٹی کے انفارمیشن سیکریٹری چوہدری اسماعیل سرور نے سوسائٹی کا تعارف پیش کیااور بتایا کہ عرصہ دو سال میں سوسا ئٹی کے ممبران کی تعداد تین سوہو گئی ہے جو کہ ایک نئی تنظیم کے لیے بڑی کامیابی ہے ۔

چوہدری عبدالحمید نے سفیر پاکستان اور تقریب میں شرکت کرنے پر تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا اظہار کیا۔

تقریب کی نقابت کے فرائض جوائنٹ سیکریٹری شاہد سعید نے احسن انداز میں سر انجام دیئے اور مفتی محمد زبیر تبسم نے کشمیر اور پاکستان کی امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کرائی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!