وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن اور جہلم فورم کے’صدقہ آب پروگرام‘‘ کے تحت گاؤں ٹہلہ پوٹھہ میں صاف پانی کی سکیم کا افتتاح
جہلم(تارکین وطن نیوز)وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن اور جہلم فورم کے’’صدقہ آب پروگرام‘‘کے تحت تحصیل سوہاوہ کے انتہائی پسماندہ اور دور دراز گاؤں ٹہلہ پوٹھہ میں پینے کے پانی کی سکیم کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔
ٹہلہ پوٹھہ گاؤں بنیادی ضروریات زندگی خصوصاً پینے کے پانی سے محروم ایک پہاڑی پر موجود ایسا علاقہ ہے جہاں صرف 3سال پہلے بجلی پہنچی ہے اور اس گاؤں تک پہنچنے کا واحد راستہ کچا،برساتی نالوں اور پتھریلی زمین پر مشتمل ہے جس پر کسی جگہ موٹر سائیکل اور کسی جگہ صرف پیدل چلا جا سکتا ہے۔
وسیلہ و یلفیئر فاؤنڈیشن اور جہلم فورم کی ٹیم سے پینے کے پانی کے حوالے سے رابطہ کرنے پر تمام تر نامساعد حالات کے باوجود دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت ہماری ٹیم اس علاقے میں پہنچی اور پینے کے پانی کا منصوبہ ڈیزائن کیا۔ سادات فیملی کے سید ہادی حسین شاہ و اہلیہ سید محمد علی شاہ و اہلیہ سید آصف حسین شاہ کے ایصالِ ثواب کے لئے فنڈ مہیا کیے اور اس منصوبے کو مکمل کر لیا گیا ہے ۔
پانی گاؤں پہنچنے پر خوشی اور جشن کا سماں تھا بوڑھوں،بچوں ،خواتین اور بالخصوص نمازیوں کی خوشی دیدنی تھی۔