سلمان اطہر قبل ازیں پاکستانی سفارتخانہ ابوظہبی میں تعینات رہ چکے ہیں
لبنان جانے سے قبل دبئی میں دیرینہ دوستوں سے ملاقات
ظہرانہ میں قونصل جنرل،پریس قونصلر اور ڈپٹی ہیڈ آف مشن کی شرکت
دبئی(طاہر منیر طاہر)حال ہی میں لبنان میں تعینات ہونے والے پاکستانی سفیر سلمان اطہر لبنان جاتے ہوئے دبئی میں رکے تو ان کے اعزاز میں پاکستانی جرنلسٹس فورم کے نائب صدر و بزنس مین سہیل خاور نے ظہرانے کا اہتمام کیا جس میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کے قونصل جنرل حسن افضل خان،پرلیس قونصلر شازیہ سراج،سابقہ پریس قونصلر ڈاکٹر ظفر اقبا،ڈپٹی ہیڈ آف مشن سفارتخانہ پاکستان ابوظہبی امتیاز فیروز گوندل،چوہدری زمان،میاں عمر ابراہیم،چوہدری محمد انور،چوہدری محمد صدیق،حاجی محمد یٰسین،ڈاکٹر طلعت محمود بٹ،ملک شہزاد یونس،محمد غوث قادری،ساجد چیمہ،اسماعیل مغل،خالد ملک،راجہ طارق،ریاست علی اور دیگر متعدد لوگوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر سہیل خاور نے سلمان اطہر کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ سلمان اطہر قبل ازیں سفارتخانہ پاکستان ابوظہبی میں اپنے فرائض منصبی ادا کر چکے ہیں،وہ جتنا عرصہ ابوظہبی میں تعینات رہے ان کا عرصہ تعیناتی ہر لحاظ سے مثالی رہا اور وہ اپنے اخلاق اور ملنساری کی وجہ سے عوام میں مقبول عام رہے۔
یہی وجہ ہے کہ آج پندرہ سال بعد بھی امارات میں ان کے بے حد چاہنے والے موجود ہیں،متعدد جگہوں پر اہم ذمہ داریاں انجام دینے کے بعد اب بطور سفیر لبنان جا رہے ہیں جو ہمارے لئے خوشی کا باعث ہے۔حسن افضل خان نے سلمان اطہر کے لئے نیک جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ان کیلئے کامیابیوں کی دعا کی ہے۔
تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی سلمان اطہر نے اپنے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے پر میزبان سہیل خاور اور شریک تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ لبنان اور پاکستان کے درمیان تجارت کو فروغ دیں گے،سلمان اطہر نے شرکائے تقریب سے کہا کہ لبنان میں ان کے آفس کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں۔