ملاقات میں ناروے اور اسکینڈے نیویا میں بسنے والے پاکستانیوں اور انکے معاملات بارے تبادلہ خیال کیا گیا
نزیر خالد بٹ جیسے لوگ پارٹی کا اثاثہ ہیں،بیرسٹر امجد ملک کی جانب سے مسلم لیگ ن ناروے کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار
میاں نواز شریف نے تنظیم نو کے ذریعے مسلم لیگ ن اوورسیز چیپٹرز میں جان ڈال دی ہے،نزیر خالد بٹ
اوسلو(عقیل قادر)سرپرست اعلیٰ مسلم لیگ ن ناروے نزیر خالد بٹ نے چیف کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل افئیرز مسلم لیگ ن بیرسٹر امجد ملک سے انکے دفتر میں ملاقات کی، ملاقات میں ناروے اور اسکینڈے نیویا میں بسنے والے پاکستانیوں اور انکے معاملات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیرسٹر امجد ملک نے اس موقع پر کہا کہ مسلم لیگ ن کی جب بھی حکومت آئی تارکین وطن کیلئے موثر اور مثالی اقدامات کئے گئے ہیں، ڈنمارک کے ساتھ دہری شہریت اسکی ایک ادنیٰ مثال ہے، اس مرتبہ بھی قائد مسلم لیگ ن ، صدر جماعت اور وزیراعظم اور اسحاق ڈار اوورسیز پاکستانیوں کیلئے اقدامات کرنے کیلئے کوشاں ہیں تاکہ انکی گزارشات مطالبات اور سفارشات پر بہتر داد رسی ہو،وزیراعظم پاکستان ملک کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔
بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ نزیر خالد بٹ جیسے لوگ پارٹی کا اثاثہ ہیں انہوں نے صدر مسلم لیگ ن ناروے شاہد تنویر اور مسلم لیگ ن ناروے کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے ان کے ساتھ جون 2022میں ملاقات میں تارکین وطن کا خاص خیال رکھنے کا کہا ہے، کیونکہ وہ ہمارے بیرون ملک سفیر ہیں ۔
سرپرست اعلیٰ مسلم لیگ ن ناروے نزیر خالد بٹ نے بیرسٹر امجد ملک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف نے تنظیم نو کے ذریعے مسلم لیگ ن اوورسیز چیپٹرز میں جان ڈال دی ہے، اب مسلم لیگی مذید محنت کیساتھ کام کررہے ہیں۔
زوم میٹنگز کا انعقاد ایک خوش آئند اقدام ہے، ہمیں بیرسٹر امجد ملک جیسے عظیم اور محنتی لوگ ترقی کی منازل سے روشناس کرا سکتے ہیں، ان جیسی شخصیات کی ہمیں ضرورت ہے تاکہ ملک کی صحیح معنوں میں خدمت ہوسکے اور نوجوان اوورسیز پاکستانی سیاسی عمل کا حصہ بن سکیں۔
اس موقع پر مانچسٹر سے نزیر خالدبٹ کے برادر نسبتی محمد زبیر بھی ملاقات میں موجود تھے،بیرسٹر امجد ملک نے مہمان کو اپنی کتاب پاکستان کا سفر پیش کی اور ظہرانہ دیا۔