سوئٹزرلینڈ :پی ٹی آئی کے زیر اہتمام احتجاجی جلسہ، پاکستانی وکشمیری کمیونٹی کی کثیر تعداد میں شرکت

0

عمران خان کو خودداری اور آزاد خارجہ پالیسی کی وجہ سے غیر ملکی سازش پر اقتدار سے ہٹایاگیا،قاسم سوری

اوورسیز پاکستانی اور کشمیری کرپٹ خاندان کی حکومت کو کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے،مقررین

لوزرن(نمائندہ خصوصی)سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزرن میں سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان اوورسیز کمیونٹی کی جانب سے بہت بڑا احتجاجی جلسہ منعقد ہوا، جلسہ میں پاکستانی ، کشمیری کمیونٹی نے شرکت کی جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

پی ٹی آئی کی سینئر قیادت رانا شہزاد، عارف گھمن ،خرم شہزاد، امبر جیلانی نے خصوصی شرکت کی ،اسٹیج سیکریٹری کے فرائض سید اصباح حیدر اور عمران مزمل نے انجام دیئے،تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ،اسکے بعد یکجان ہوکر سب نے قومی ترانہ پڑھا ۔

سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اطلاع ہے کہ کچھ لوگوں نے افغانستان میں موجود کوچی نامی دہشت گرد کو عمران خان کو قتل کرنے کی سپاری دی ہے،عمران خان دنیا میں امن کے داعی ہیں، ان کوخودداری اور آزاد خارجہ پالیسی کی وجہ سے غیر ملکی سازش پر اقتدار سے علیحدہ کیا گیا، عمران خان صرف پاکستان نہیں اسلامی دنیا کا عظیم لیڈر ہے،عمران خان نے کشمیر کا مقدمہ بہت دلیری سے لڑا، عمران خان نے ناموس رسالت پر دنیا کو نبی پاکؐ کی حرمت کا پاس کرنے کا پابند کرایا۔

اس موقعہ پر تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری اور عثمان ڈار کے ویڈیو پیغامات بھی سنائے گئے ،مقامی رہنماؤں نے اپنے خطابات میں عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور پی ٹی آئی کی حکومت کے خاتمے کو مبینہ طور پر غیر ملکی مداخلت کا نتیجہ قرار دیا اور مبینہ طور پر میاں نواز شریف کے پورے خاندان کو بدعنوان قرار دیتے ہوئے اس خاندان کی پاکستان کے اقتدار پردوبارہ واپسی کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا پاکستانی غلام قوم ہے کہ وہ بیرونی اشارہ پر اپنی حکومت ختم کر دیں؟ بحیثیت قوم یہ ہمارے لیے شرم کا مقام ہے کہ بدعنوان عناصر اور وہ بھی باپ بیٹا ایک وزیر اعظم دوسرا بڑے صوبے کا وزیراعلیٰ بنا دیا جائے، انہوں نے کہا کہ یہ لوگ خاندان کے اندر ہی سب عہدے رکھنا چاہتے ہیں تاکہ ان کی کرپشن کو تحفظ ملتا رہے۔ اسی لیے یہ کرپٹ لوگ عمران خان کے خلاف اکٹھے ہوگئے ہیں۔

اس ٹو لے نے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا حق چھینا ملک میں لاقانونیت کی اور جمہوری اقدار کو پامال کیا، تاہم وہ وقت اب زیادہ دور نہیں جب عمران خان پھر مسند اقتدار پر بھاری اکثریت سے فائز ہوں گے، انہوں نے کہا کہ میاں شہبازشریف کی حکومت کو بالکل نہیں مانتے۔

مختلف مقررین جن میں خواتین رہنما بھی شامل تھیں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے احتجاج کا مقصد عوام کوآگاہ کرنا ہے کہ پاکستان کے عوام بشمول اوورسیز پاکستانی اور کشمیری کرپٹ خاندان کی حکومت کو کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے، موروثی سیاست کا قلع قمع کیا جائے گا، پی ٹی آئی ایسی بدعنوانیوں اور ظلم کوبرداشت نہیں کرے گی۔

رہنماؤں نے اپنے خطابات میں عمران خان کے ساتھ یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا۔ اس موقع پر نوجوانوں کی قابل ذکر تعداد میں شمولیت کو سراہا گیا پروگرام میں خواتین، بچوں اور نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی یہ نعرے بھی لگائے گئے کون بچائے گا پاکستان عمران خان، شرکا نے عمران خان کی حمایت میں بینرز کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف اور پاکستان کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے آخر میں پاکستان کی سلامتی کے لئے دعا کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!