وفد کی قیادت سوسائٹی کے فنانس سیکریٹری عقیل قادر نے کی
پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی ناروے کا عمل قابل ستائش ہے،حاجی محمد سعید
راجن پور/اوسلو(عقیل قادر)پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی ناروے کی جانب سے جنوبی پنجاب ضلع راجن پور کی تحصیل فاضل پور میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں لاکھوں روپے تقسیم کیے گئے۔
پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی کے وفد کی قیادت سوسائٹی کے فنانس سیکریٹری عقیل قادر نے کی جبکہ وفد میں اوسلو کے معروف سماجی رہنما حاجی محمد سعید اور گوجرخان سے محمد سفیر شامل تھے۔ پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی کے وفد نے فاضل پور میں منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کی قائم کردہ منہاج خیمہ بستی کا دورہ کیا جس میں پچاس خاندانوں کے تقریباً 300 افراد مقیم ہیں۔
اس موقع پر متاثرین سیلاب نے وفد کو بتایا کہ سیلابی ریلوںاور بارشوں کی وجہ سے ان کے گھر، مال مویشی اور کھیتوں میں پکی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔ وفد کی کچھ ایسے خاندانوں سے بھی ملاقات ہوئی جن کے کئی افراد سیلابی ریلے کی زد میں آ کر ہلاک ہو ئے۔
اس موقع پر وفد نے تمام خیموں کا دورہ کیا اور ہر فیملی کی مالی معاونت کی۔ اس موقع پر حاجی محمد سعید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی نے مشکل وقت میں اپنے ہم وطنوں کی مدد کر کے محب وطن پاکستانی ہونے کا عملی ثبوت دیا ہے اور انکا یہ عمل قابل ستائش ہے۔
عقیل قادر نے حاجی محمد سعید اور منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے تعاون کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا اور ناروے سے مالی معاونت کرنے والے پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی کے ممبران اور دیگر افراد کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے خیمہ بستی میں مقیم خاندانوں کی تمام ضروریات زندگی کو احسن طریقے سے پورا کرنے پر منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔
منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے کوارڈینٹر محمد اشرف ایڈووکیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ اگلے مرحلے میں ان متاثرہ خاندانوں کے گھر تعمیر کیے جائیں گے جس کے لیے لوگوں کے مزید تعاون کی ضرورت ہو گی۔