متحدہ عرب امارات میں قائم پاکستانی خواتین کی تنظیم(واؤ) نے یو اے ای کا قومی دن”جشنِ اتحاد کے نام”سے منایا
نیشنل ڈے کی یہ تقریب شارجہ کے ساحلِ سمندر پر منائی گئی،خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد میں شرکت
تقریب کا اہتمام واؤ کی بانی اراکین فرزانہ منصور اور ثروت زھرا زیدی نے کیا تھا
دبئی (طاہر منیر طاہر) متحدہ عرب امارات میں قائم پاکستانی خواتین کی سماجی و فلاحی تنظیم (Wisdom of Women) WOW نے یو اے ای کا قومی دن "جشنِ اتحاد کے نام” سے منایا جس میں امارات بھر سے پاکستانی خواتین نے شرکت کی۔
متحدہ عرب امارات کے 51 ویں نیشنل ڈے کی تقریب کا اہتمام خواتین کے سوشل میڈیا گروپ واو WOW کی بانی اراکین فرزانہ منصور اور ثروت زھرا زیدی نے کیا تھا،یہ تقریب شارجہ کے ساحلِ سمندر پر منائی گئی جس میں خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے کیا گیا، ننھی بچیوں نے سورہ الحمد کی تلاوت بہت پیارے انداز میں کر کے سب کے دل موہ لئے۔ تلاوت کے بعد یو اے ای کا قومی ترانہ پڑھا گیا اور یو اے ای کے جھنڈے لہرائے گئے، جھنڈے لہرانے کے عمل میں سب نے نہایت جوش و خروش سے حصہ لیا۔
متحدہ عرب امارات کے 51 ویں نیشنل ڈے کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور ایک دوسرے کو مبارک باد دی گئی، اِس موقع پر گروپ کی بانی اراکین فرزانہ منصور اور ثروت زہرہ نے تمام مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔ساتھی منتظمین زبیدہ خانم اور سعدیہ طارق کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے اس خوبصورت شام کا انعقاد ممکن ہو سکا۔
تقریب میں شامل مہمانوں کی تواضع کا خاطر خواہ انتظام کیا گیا تھا،چائے کے بعد بچوں کے درمیان تفریحی مقابلے کروائے گئے اور جیتنے والے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔