دنیا کا کوئی مذہب اختلاف یا بیر رکھنا نہیں سکھاتا بلکہ آپس میں پیار،محبت اور اخوت کا درس دیتا ہے،ڈپٹی قونصل جنرل گیان چند

0

دبئی میں نیو اپاسٹا لک چرچ انٹرنیشنل کے زیر اہتمام کرسمس کا انعقاد

قیام پاکستان کے وقت مسیحی بھائیوں نے بھی قربانیاں دیں،عامرسہیل گھمن،محمد شہزاد بٹ

پاکستان ہمارا ملک ہے اور ہم پاکستان کے دفاع کے لیےہر وقت حاضر ہیں،جان قا در

دبئی(طاہر منیر طاہر) دنیا کا کوئی مذہب اختلاف یا بیر رکھنا نہیں سکھاتا بلکہ آپس میں پیار، محبت اور اخوت کا درس دیتا ہے،خدا تعا لیٰ بھی اپنی مخلوق کو ایک دوسرے کا احساس کرنے اور ایک دوسرے کا دکھ درد بانٹنے کا حکم دیتا ہے۔

لہٰذا ہم سب کو چاہیے کہ ہم سب مل جل کر پیار، محبت، امن اور صلح جوئی سے رہیں، ان خیالات کا اظہار قونصلیٹ جنرل آ ف پاکستان دبئی کے ڈپٹی قونصل جنرل گیان چند نے دبئی میں مسیحی کمیونٹی کی طرف سے منعقد کئے گئے کرسمس ایونٹ میں کیا۔

انہوں نے قونصلیٹ جنرل آ ف پاکستان دبئی اور حکومت پاکستان کی طرف سے مسیحی برادری کو کرسمس کے موقع پر مبارکباد دی، نیو اپاسٹا لک چرچ انٹرنیشنل دبئی کے بینر تلے کرسمس ایونٹ کا اہتمام معروف مسیحی رہنما، پریذیڈنٹ پاکستان مسلم لیگ ن منارٹی ونگ جان قادر اور ان کے ساتھیوں نے کیا جس میں پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر محمد شہزاد بٹ، مسلم لیگ ن دبئی کے صدر عامرسہیل گھمن، بیلجیئم سے ایم اقبال، جیکب حاکم دین، پادری صابر مسیح اور مسیحی برادری کے متعدد لوگوں نے شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز مسیحی کلام اور مذہبی گیتوں سے کیا گیا،کرسمس کی تقریب کے لیے ہوٹل کا وسیع ہال خوبصورت جھنڈیوں اور پھولوں سے سجایا گیا تھا، اس تقریب میں زیادہ تر مسیحی فیملیز نے شرکت کی، کرسمس کی اس تقریب میں تمام مہمانوں کا پھول پیش کر کے استقبال کیا گیا۔

تقریب سے مسیحی مذہبی رہنماؤں نے مسیحیت کے موضوع پر تقریر کیں اور اس دن کی مناسبت سے ایک دوسرے کو کرسمس کی مبارکباد دی گئی،ڈپٹی قونصل جنرل گیان چند کی موجودگی میں سب نے مل کر کرسمس کیک کاٹا اور خوشیوں کا اظہار کیا۔

محمد شہزاد بٹ اور عامر سہیل گھمن نے کہا کہ ہم ہمیشہ مسیحی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی بنیاد کے لیے مسیحی بھائیوں نے بھی قربانیاں دیں۔ انہوں نے پاکستان کے حصول میں اہم کردار ادا کیا،اس موقع پر انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی جدوجہد کو بھی سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

پریذیڈنٹ پاکستان مسلم لیگ ن منارٹی ونگ جان قادرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی مذہب ایک دوسرے سے ہمدردی اور پیار سے رہنے کا درس دیتا ہے، خاص طور پر اپنے ہمسایوں سے حسن سلوک پر زور دیا گیا ہے،ہمیں دنیا میں امن پھیلانے کے لیے اپنے مذہبی سربراہ کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت ہے۔

جان قادر نے مزید کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے اور ہم پاکستان کے دفاع کے لیے کھڑے ہیں۔ ہم ہمیشہ اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ قائداعظم محمد علی جناح کا پاکستان ہماری پہچان ہے۔پروگرام کے اختتام پر مسیحی مذہبی رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!